عثمانیہ یونیورسٹی میں آتشزدگی بی ایس سی کے جوابی بیاضات خاکستر

حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) عثمانیہ یونیورسٹی میں امتحانی پرچوں کی جانچ کے مرکز میں آگ بھڑک اٹھنے کے نتیجہ میں بی ایس سی انڈر گریجویٹ کورس برئے تعلیمی سال 2017-18 کے چند جوابی بیاضات خاکستر ہوگئے۔ یونیورسٹی نے اپنے اعلامیہ میں میں کہا کہ گذشتہ روز آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر آتش فرو عملہ نے قابو پالیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ برقی شارٹ سرکٹ کے سبب آگ بھڑک اٹھی تھی اور چند جوابی بیاضابات کو نقصان پہونچا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سی ایچ لکشمی نارائنا نے پی ٹی آئی سے کہا کہ بی ایس سی میقاتی امتحانات کے جوابی بیاضات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ یونیورسٹی نے اس واقعہ کی تحقیقات اور نقصانات کے تخمینہ کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اندرون دو دن رپورٹ پیش کرے گی۔