علاج و معالجہ میں مشکلات ،وباء کے پھیلاؤ پر حکومت فکر مند
حیدرآباد 22 جنوری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ بشمول حیدرآباد میں جہاں سوائن فلووائرس تیزی سے پھیل رہا ہے وہیں ڈاکٹرس بھی اس سے نہیں بچ پارہے ہیں ۔ اس کی ایک مثال یہ ہیکہ ریاست تلنگانہ کے نامور عثمانیہ دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے ایک سینئر ڈاکٹر کے ساتھ دو جونیر ڈاکٹرس سوائن فلو وائرس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ عثمانیہ ہاسپٹل ذرائع کے مطابق دواخانہ کے ڈاکٹرس سوائن فلو سے متاثر ہوئے ہیں تو وہیں جونیر ڈاکٹرس سوائن فلو سے متاثرہ افراد کو طبی امداف بہم پہونچانے میں مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں کیونکہ ان جونیر ڈاکٹرس کو سوائن فلو کے متاثرین سے نمٹنے کیلئے کم از کم ’’ماسکس‘‘ بھی فراہم نہیں کئے جانے کی شکایات پائی جاتی ہیں۔ دواخانہ انتظامیہ و حکومت کے اس طرز عمل کے خلاف جونیر ڈاکٹرس نے بطور احتجاج ہڑتال کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ اسی دوران ریاست کے مختلف مقامات بشمول اضلاع میں سوائن فلو وائرس کے تیزی کے ساتھ پھیلاو کے باعث حکومت اور نظم و نسق بھی کافی فکر مند ہوچکا ہے خود چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو اس سلسلہ میں کافی سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں اور کہیں سے بھی اس سوائن فلو وائرس کا تدارک کرنے میں حکومت کی ناکامی جیسی اطلاعات موصول نہ ہونے کیلئے تمام وزراء کو اپنے اپنے اضلاع کو پہنچ کر سوائن فلو وائرس کے انسداد کیلئے ضلع نظم و نسق کے ساتھ تال میل برقرار رکھتے ہوئے متاثرین کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے اگر کوئی زیادہ متاثرہ ہوجانے پر صورتحال کو فی الفور انہیں حیدرآباد منتقل کرنے کے تیز تر انتظامات کی بھی چیف منسٹر نے وزراء کو سخت ہدایات دی ہیں۔ تلنگانہ میں سوائن فلو کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر چیف منسٹر نے کل ہنگامی کابینی اجلاس منعقد کیا تھا۔