کانگریس حکومت نے ماضی میں کچھ نہیں کیا ، رکن اسمبلی ٹی آر ایس بالراجو کا بیان
حیدرآباد۔ 2 اگست (آئی این این) رکن اسمبلی ٹی آر ایس پارٹی مسٹر بالراجو نے کہا کہ سابق کانگریس حکومت کے دور میں عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کو مکمل طور پر نظرانداز کردیئے جانے کی وجہ سے آج خستہ حالی کا شکار ہوگئی ہے۔ وہ آج یہاں ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی آفس میں میڈیا سے مخاطب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل پر کانگریس پارٹی کے اعتراضات کی سخت مذمت کی اور کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے دورِ حکمرانی میں اس عمارت کے تحفظ کیلئے اقدامات نہیں کی، اب جبکہ عمارت خستہ حال ہوگئی ہے، اس میں ٹی آر ایس حکومت کچھ اقدامات کررہی ہے تو کانگریس کو برداشت نہیں ہورہا ہے، کیونکہ اس نے ہریٹیج عمارت پر کوئی توجہ نہیں دی۔ مسٹر بالراجو نے کہا کہ کانگریس دور میں وزراء نے کبھی بھی عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی اس کے تحفظ پر کسی قسم کی کوئی توجہ دی ہے۔ اب جبکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خستہ حالی کو پیش نظر رکھتے ہوئے عمارت سے مریضوں کی منتقلی کا فیصلہ کیا تو کانگریس قائدین واویلا مچا رہے ہیں۔ بالراجو نے اس بات کا دعویٰ کیا کہ حکومت تلنگانہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی عمارت کو 10 منزل بنانے کی تجویز رکھتی ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین وی ہنمنت راؤ کی جانب سے حکومت پر تنقید کرنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وی ہنمنت راؤ نے کبھی بھی اپنے فنڈس کے ذریعہ ہاسپٹل کیلئے کوئی فنڈ نہیں دیا ہے۔ ایسے میں انہیں ہاسپٹل پر بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔