حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : غیر متوقع طور پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن عثمانیہ دواخانے اور افضل گنج علاقے میں کیا گیا اس موقع پر عثمانیہ دواخانے کا بھی معائنہ کیا گیا ۔ یہ کارروائی ایسٹ زون کے ڈی ایس پی رمیش کی سرپرستی میں 150 پولیس عہدیداروں کی مدد سے انجام دی گئی ۔ شام 4 تا 6 بجے تک ہونے والی کارروائی میں 800 مریضوں سے ملاقات کرنے کے علاوہ 20 مرد گداگروں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں آنند آشرم روانہ کردیا گیا ۔ دریں اثناء پولیس اور دواخانے کے حکام نے دواخانے کے علاقے میں کئی ایسے مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی اشد ضرورت ہے ۔ حکام نے ایسے مقامات کی نہ صرف نشاندہی کی ہے بلکہ 80 مزید کیمروں کو نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ پولیس کے بموجب حکام نے کئی اہم مقامات کی نشاندہی کرنے کے علاوہ ارباب مجاز کو مکتوب بھی روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں یہاں 80 کیمروں کو نصب کرنے کی سفارش کی جائے گی ۔۔