عثمانیہ دواخانہ میں آج چند طبی شعبوں و دیگر سہولتوں کا افتتاح

٭ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی تقریب میں شریک ہونگے
٭ تاریخی ہاسپٹل میں سی ٹی اسکان ، ڈائیلاسیس سنٹر، ویٹنگ ہال کا افتتاح ہوگا

حیدرآباد۔/25ا پریل، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی 26 اپریل کو تاریخی عثمانیہ ہاسپٹل میں کارڈیالوجی، کارڈیالوجی او پی، کارڈیالوجی آئی سی یو شعبوں، سی ٹی اسکان، ڈائیلاسیس سنٹر، مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کیلئے ویٹنگ ہال کے علاوہ دوسری سہولتوں کا افتتاح کریں گے۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی 100 سالہ تاریخ ہے۔ آصف سابع میر عثمان علی خان نے عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے 1910 ء میں عثمانیہ ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ 20 اپریل 1919 ء کو اس کی تعمیر مکمل ہوئی۔ میر عثمان علی خان نے برطانوی آرکیٹکٹ وینسنٹ جے رم ایچ اور سلطنت آصفیہ کے آرکیٹکٹ نواب بہادر مرزا اکبر بیگ کے ذریعے یوروپی طرز تعمیر کا شاہکار نمونہ تیار کیا تھا۔ وسیع اراضی پر تعمیر کردہ عثمانیہ ہاسپٹل ابھی تک کروڑہا عوام کو طبی خدمات فراہم کرچکا ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں اس تاریخی عمارت کو نظرانداز کردیا گیا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عثمانیہ یونیورسٹی کو ترقی دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں۔ ایک طرف جہاں ہاسپٹل میں تمام عصری و تکنیکی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں وہیں دوسری جانب تاریخی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے احاطے میں نئی عمارتیں تعمیر کرنے کی بھی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی مریضوں کو مکمل سہولتوں کے ساتھ موثر علاج کرنے کے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 26 اپریل کو دوپہر 12 بجے عثمانیہ ہاسپٹل میںکارڈیالوجی شعبہ، 12بستروں پر مشتمل کارڈیالوجی او پی بھون کا افتتاح کیا جائے گا جس میں سرکاری سیکٹر میں کہیں بھی نہ رہنے والے 2D ایکو کارڈیاگرافی ٹسٹ کو اوپی میں بھی کرنے کا شعبہ قائم کیا جارہا ہے۔ مستقبل میں 2D ٹسٹ کیلئے مریضوں کو لمبے عرصے تک انتظار کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔سی ٹی اسکان کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ 15بستروں پر مشتمل ڈائیلاسیس سنٹر اور 50 مریضوں کے اٹینڈرس کیلئے ویٹنگ ہال بھی تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 18 بستروں پر مشتمل کارڈیاک آئی سی یو سنٹر کا بھی انتظام کیا جارہا ہے۔ اس افتتاحی تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کے علاوہ شہر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے وزراء این نرسمہاریڈی، ٹی سرینواس یادو، ٹی پدما راو، میئر حیدرآباد بی رام موہن و دیگر عوامی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
ہائی ٹیک سٹی کے قریب جنکشن میں راستہ تیار
حیدرآباد۔/25اپریل، ( سیاست نیوز) ہائی ٹیک سٹی کے قریب مائنڈ اسپیس جنکشن میں تعمیرراستہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے تیار ہے۔یہ راستہ جنکشن پر ٹریفک کی آمدورفت میں آسانی لائیگا اور سائبر ٹاورس سے بائیو ڈائیورسٹی کی طرف آمدورفت میں عوام کو راحت ملے گی۔