سینکڑوں مریض قطار میں ٹہرنے پر مجبور ، ہاسپٹل عملہ کے طرز عمل میں عدم تبدیلی
حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں ان دنوں بستی دواخانوں کو حکومت کافی اہمیت دے رہی ہے ۔ تاہم دوسری طرف شہر کے بڑے سرکاری دواخانے مسائل کا شکار ہیں ۔ قابل ڈاکٹرس اور تجربہ کار عملہ کی خدمات کے باوجود استفادہ کرنے والی عوام کا بھروسہ جیتنے میں حکومت کی کوششیں ناکافی ثابت ہو رہی ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ طرز کے علاج کو اہمیت دیتے ہوئے بہتر عوامی خدمات کی سونچ رکھنے والی حکومت شاہد بنیاد مسائل کی یکسوئی اور اسکا حل تلاش کرنے کیلئے وجوہات کا پتہ چلانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں آوٹ پیشنٹ مریضوں کو ان پیشنٹ مریضوں سے زیادہ مسائل پائے جاتے ہیں ۔ بالخصوص ڈاکٹرز سے تشخیص کے بعد ادویات کا حصول ایک مشکل ترین عمل ثابت ہو رہا ہے ۔ گھنٹوں طویل قطاروں میں انتظار کرنے پر عوام کو مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ اکثر عوام ان قطاروں کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ باہر سے ادوایات کو حاصل کریں گے ۔ لہذا انہیں اس لحاظ سے ادویات کے استعمال کا مشورہ دیا جائے ۔ جبکہ سرکاری دواخانے کے ڈاکٹرز اور عملہ کے رویہ میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور عوام کے ساتھ انتہائی بدسلوکی اور بدتمیزی کے برتاؤ کے الزامات سے سرکاری دواخانوں کا عملہ تاحال محفوظ نہیں ہے ۔ ڈاکٹرز سے تشخیص کروانے کے بعد قطاروں میں ٹہرنے سے عوام کافی پریشانی کا شکار ہیں ایک تو بیماری کی تکلیف اور دوسرا گھنٹوں انتظار اس طرح کے نظام سے عوام رجوع ہونے سے خوف کھا رہے ہیں ۔ شہر کے مصروف تاریخی عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کا بھی یہی حال ہے ۔ یہاں مرد اور خواتین کی علحدہ قطاریں ہونے کے باوجود ادویات حاصل کرنے کی قطاریں سڑک تک پہونچ رہی ہے اور گنجان آبادی والے قلعہ گولکنڈہ کے ہاسپٹل میں بھی عوام کو اسی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وجوہات کا پتہ چلانے پر عملہ کی کمی سامنے آرہی ہے تاہم اس کمی کو بھی فوراً پورا کیا جاسکتا ہے۔ ادویات کی فراہمی میں آسانی کیلئے حکومت کو چاہئے کہ وہ عصری آلات کو اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ عملہ کی کمی اور ان کے خلاف بھی توجہ مرکوز کرے ۔ چونکہ ان دنوں سرکاری دواخانوں کی جانب عوامی توجہ بڑھتی جارہی ہے ۔ لیکن رجوع ہونے والوں کی تعداد کم ہو رہی ہے جو حکومت کے اقدامات کو ناکام ثابت کرسکتی ہے ۔ یہ بڑے ہاسپٹل میں ادویات کی فراہمی کو آسان بنانے کیلئے ضرورت کے لحاظ سے کاونٹر قائم کئے جائیں تاکہ عوام کو راحت حاصل ہوسکے ۔