عثمانیہ باغ سے متصل قبرستان میں قبور کی بے حرمتی

بلدیہ عملہ کے ہاتھوں کئی قبور مسمار ، کاروان وقف وفد کا دورہ ، پولیس میں شکایت
حیدرآباد ۔ 30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کاروان وقف کے وفد نے عثمانیہ باغ سے متصل قبرستان کی بے حرمتی کی اطلاع پر مقام واقعہ پہنچ کر مذکورہ قبرستان کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ محکمہ بلدیہ کی جانب سے عثمانیہ باغ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے محکمہ بلدیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر تعمیراتی سرگرمیوں کا مذکورہ مقام پر آج سے آغاز عمل میں آیا مگر محکمہ بلدیہ کے عملے نے عثمانیہ باغ سے متصل قبرستان کو بھی عثمانیہ باغ میںشامل کرنے کے لئے وہاں پرموجود قدیم قبور کو جے سی پی سے منہدم کرنے کاکام کیاہے جس کی اطلاع ملنے پر کاروان وقف کے وفد نے عثمانیہ باغ پہنچ کر بلدی عملے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور بلدی حکام کو قبور کی بے حرمتی سے روکنے کاکام بھی کیا۔بعد ازاں وفد نے افضل گنج پولیس اسٹیشن میں بلدی عملے کے خلاف ایک شکایت بھی درج کروائی ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر نشین ایچ اے ایس انڈیا مولانا سیدطار ق قادری نے بلدی عملے کی کاروائی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ عثمانیہ باغ سے متصل قبرستان گزٹ نوٹیفائڈ ہونے کے باوجود دن کے اجالے میں بلدی عملہ دھڑلے کے ساتھ قبروں کو مسمار کررہا ہے۔ انہوں نے شہر کے بیچوں بیچ واقع قبرسان میںبلدی عملے کی کاروائی وقف جائیدادوں کی صیانت کے متعلق حکومت کے سنجیدہ رویہ پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ مولانا حامد حسین شطاری‘ مولانا سید عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ ‘ مولانا سید حیدر پاشاہ‘ صدر تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد جناب میراحمد علی‘ جناب نعیم اللہ شریف‘ جناب خواجہ ناظم الدین کے علاوہ دیگر لوگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔