عثمانیہ اور امبیڈکر یونیورسٹیز کی حصول اراضیات تجویز سے دستبرداری پر زور

ایس ایس سی ناکام طلبہ کے لیے رعایتی نمبرات دئیے جائیں ، عام آدمی پارٹی قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : عام آدمی پارٹی نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے عثمانیہ یونیورسٹی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کی اراضیات پر غریب عوام کے لیے مکانات تعمیر کرنے کے منصوبہ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلیں بصورت دیگر عام آدمی پارٹی کی جانب سے ریاست گیر سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے منظم کئے جائیں گے ۔ یہ بات آج یہاں ترجمان عام آدمی پارٹی پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤ نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ یونیورسٹیز کی اراضیات کوئی سرکاری اراضیات نہیں ہیں اس لیے حکومت کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اراضیات کے حصول میں اپنے بے جا اختیارات کا استعمال کریں ۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ عثمانیہ اور امبیڈکر یونیورسٹی کی اراضیات کو غیر قانونی حاصل کرنے کے منصوبہ سے باز آجائیں ۔ انہوں نے حالیہ ایس ایس سی کے نتائج پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانات میں زائد از ایک لاکھ طلباء ریاضی اور سائنس میں ناکام ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں منعقدہ امتحانات میں ایک لاکھ طلباء کی ناکامی کی اصل وجہ یہ ہے کہ سوالات کے پرچہ میں نصاب سے لاتعلق سوالات دئیے گئے تھے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ ناکام ہونے والے طلباء کو دونوں مضامین ریاضی اور سائنس میں 10 ، 10 رعایتی نمبرات دینے کے علاوہ از سر نو جانچ کے لیے مقررہ فیس سے استثنیٰ دیں ۔ اسکول کی جانب سے 20 انٹرنل نمبرات دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اسکول انتظامیہ نے صرف 10 نمبرات کی حد تک ہی محدود رکھا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں طلباء کو نقصان ہوا ہے ۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن شریمتی شیشو کماری کو ایک یادداشت پیش کی گئی ہے ۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی ارکان مسرز میر محمد علی خالد ، محمد تجمل اور شریمتی نمراتا جیسوال بھی موجود تھے ۔۔