عثمانیہ اسٹوڈنٹ جے اے سی کی ورنگل کانگریس کے امیدوار کی تائید

حیدرآباد ۔ یکم نومبر (آئی این این ) عثمانیہ یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ جائنٹ ایکشن کمیٹی (او یو جے اے سی) نے ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کے امیدوار سرسلہ راجیا کی کامیابی کیلئے بھرپور حمایت و تائید کا اعلان کیا ہے ۔ چیرمین او یو جے اے سی مسٹر ایم روی کی قیادت میں طلبہ کا ایک بڑا گروپ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی سے ملاقات کرکے اپنے فیصلہ سے واقف کروایا ۔ بعد ازاں چیرمین او یو جے اے سی نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ پر الزام لگایا کہ انہوں نے تحریک تلنگانہ کے دوران عثمانیہ طلبہ کے کردار کو فراموش کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت نے سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے وعدہ کو بھی مکمل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کے سی آر نے ہر گھر ایک فرد کو ملازمت فراہم کرنے کا پرزور وعدہ کیا تھا ۔ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ میں اقتدار کے 16 مہینہ مکمل کرلیا ہے اور وہ دیڑھ لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا اس پر بھی  انہوں نے تاحال عمل نہیں کیا ۔ مسٹر روی نے مزید کہا کہ گروپ ۔ II کے تحت ڈی ایس سی ، سب انسپکٹر پولیس اور کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کو بھی نظر انداز کردیا گیا ۔ اس ضمن میں اعلامیہ بھی جاری نہیں کیا ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹ جائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیرمین نے اس بات کا ادعا کیا کہ ورنگل پارلیمانی ضمن انتخاب میں عثمانیہ کے طلبہ جارحانہ انداز میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کے ناکامیوں کو آشکار کریں گے ۔