عبوری ضمانت میں توسیع کی تیج پال کی درخواست پر سپریم کورٹ میں آج سماعت

نئی دہلی ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) تہلکہ کے بانی ایڈیٹر ترون تیج پال نے آج سپریم کورٹ میں درخواست پیش کرتے ہوئے جنسی حملہ کے مقدمہ میں اپنی عبوری ضمانت میں توسیع کی خواہش کی۔ جسٹس جے ایس کیہر اور جسٹس سی ناگپن پر مشتمل بنچ نے صحافی کی درخواست کی سماعت کل کیلئے ملتوی کردی۔ تیج پال اپنی عبوری ضمانت میں 6 ہفتوں کی اس بنیاد پر توسیع چاہتے ہیں کہ ان کی والدہ کے انتقال کے بعد گھر میں ان کی موجودگی ضروری ہے۔ ان کے وکیل صفائی نے بھی کہا کہ عدالت نے عبوری ضمانت منظور کرنے کے باوجود تیج پال ان کی والدہ کی آخری رسومات میں شرکت نہ کرسکے۔ سپریم کورٹ نے 19 مئی کو تیج پال کی 3 ہفتوں کی عبوری ضمانت منظور کی تھی تاکہ وہ اپنی والدہ کی چتا نذرآتش کرنے میں شرکت کرسکیں۔ تیج پال کی والدہ کا انتقال 18 مئی کو ہوا تھا۔ بعدازاں ان کی آخری رسومات ادا کی گئی تھیں۔ 50 سالہ پیج پال پر مبینہ طور پر عصمت ریزی، جنسی ہراسانی اور اپنی ایک جونیر ساتھی کی عزت پر حملہ کرنے کا فردجرم عائد کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ گوا کی ایک ہوٹل میں گذشتہ سال نومبر میں پیش آیا تھا۔ تیج پال کو 30 نومبر 2013ء کو گرفتار کرلیا گیا تھا وہ فی الحال عبوری ضمانت پر رہا کئے گئے ہیں۔ ان پر متاثرہ خاتون نے جنسی حملہ کرنے کا 7 نومبر کو الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے اگلے دن اپنے جرم کا اعادہ کیا تھا۔ تیج پال کو عبوری ضمانت پر رہا کرنے سے پہلے انہیں گوا کے شہر واسکو میں صدا سب جیل میں قید رکھا گیا تھا۔