عبوری ریل بجٹ کو پارلیمانی منظوری

نئی دہلی ۔ 18 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ نے آج عبوری ریلوے بجٹ برائے 2014-15 ء کو منظوری دیدی جبکہ راجیہ سبھا نے اسے مسئلہ تلنگانہ پر شور و غل کی وجہ سے مباحث کے بغیر لوٹا دیا۔ریل بجٹ اور متعلقہ تصرف بلوں کو لوک سبھا نے کل منظوری دیدی تھی۔ تلنگانہ پر گڑبڑ کے درمیان وزیر ریلوے ملکارجن کھرگے نے ضمنی مطالبات زر (ریلوے) 2013-14 ء اور تصرف (ریلوے) بل 2014 ء کو ایوان بالا میں منظوری کیلئے پیش کیا۔ چونکہ شور و غل جاری تھا اس لئے دونوں بلوں کو ندائی ووٹ کے ذریعہ منظور کرلیا گیا۔

ایس پی ، ٹی ا یم سی تلنگانہ بل کی منظوری پر ناخوش
نئی دہلی ۔ 18 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں نے جو آندھراپردیش کی تقسیم کی مخالف ہیں، آج جس طرح لوک سبھا میں تلنگانہ بل منظور کیا گیا، اسے جمہوریت پر ’’داغ‘‘ قرار دیا۔ اس کلیدی بل کی منظوری میں حکومت کے اختیار کردہ رویہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ ملائم سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی اس کی مخالفت راجیہ سبھا میں جاری رکھے گی۔

انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ بل کی منظوری ملک کے جمہوری اصولوں پر بڑا حملہ ہے۔ یہ بل زبردستی منظور کرایا گیا۔ کانگریس اور بی جے پی نے ہاتھ ملا لئے ۔ ترنمول کانگریس لیڈر سدیپ بندوپادھیائے نے اس قانون سازی کی منظوری کو ہندوستانی جمہوریت پر کلنگ قرار دیا۔ جس انداز میں بل منظور کیا گیا ،اس تعلق سے سوالات اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منظوری پارلیمانی قواعد کی مطابقت میں نہیں ہے۔’’ ہم نے ترمیم کی تجویز رکھی تھی اور ہم نے رائے دہی چاہی۔میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کس طرح ایک منٹ میں 300 تا 400 ووٹوں کی گنتی کرلی گئی۔