عبدالکلام کو پاکستانی ہائی کمشنر ‘اسرائیلی سفیر کا خراج عقیدت

متعدد ممالک کے سفیروں کا حکومت ہند ‘عوام اور غمزدہ افراد خاندان سے تعزیت

نئی دہلی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کے اچانک انتقال پر بشمول پاکستان مختلف ملکوں کے سفیروں نے زبردست خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط اور اسرائیل کے سفیر ڈینیل کارمن ان سرکردہ بیرونی سفارتکاروں میںشامل ہیں جنہوں نے مرحوم صدر کی رہائش گاہ پہنچ کر شخصی طور پر خراج عقیدت ادا کیا اور اپنی تعزیت پیش کی ۔ امریکہ کے سفیر ریچرڈ ورما نے کہا کہ ’’ سابق صدر عبدالکلام کے انتقال پر میں ہندوستانی عوام کو تعزیت پیش کرتا ہوں

ڈاکٹر کلام ایک ایسے عظیم سائنسداں اور قائد تھے جنہوں نے نوجوانوں میں ایک نئی اُمنگ پیدا کی تھی‘‘۔ اسرائیلی سفیر ڈینیل کارمن نے کہا کہ ایک انتہائی ذہین و باصلاحیت سائنسداں اور مثالی نمونہ کے حامل سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کے سانحہ ارتحال پر منائے جانے والے سوگ میں‘ میں ہندوستانی عوام اور حکومت کے ساتھ شامل ہوں۔ یہ میری خوش بختی اور عزت افزائی تھی کہ مجھے اس عظیم شخص ( عبدالکلام ) سے ملاقات کا موقع ملا تھا اور اُن کی شخصیت ‘ کارناموں اور بصیرت سے میں کافی متاثر ہوا ہوں‘‘۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے اپنے تعزیتی پیام میںکہا کہ ’’اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت کریں اور اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے  غمزدہ افراد خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ‘‘۔ دریں اثناء عالمی قائدین کی طرف سے بھی تعزیتی پیامات کی اجرائی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ نیپال کے وزیراعظم سشیل کوئیرالا نے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے سابق صدر کے انتقال کی خبر پر مجھے سخت صدمہ پہنچا ہے ۔ کوئیرالا نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کے علاوہ حکومت ہند عبدالکلام کے افراد خاندان اور ہندوستانی عوام کو اپنی اورنیپال کے عوام کی طرف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مالدیپ کے ہائی کمشنر احمد محمد نے کہا کہ ان کا ملک ایک عظیم اور قابل تقلید شخصیت کے حامل سابق صدر عبدالکلام کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے ۔

عبدالکلام کو مرکزی کابینہ کا خراج عقیدت
نئی دہلی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں سابق صدر عبدالکلام کو انتہائی پُر اثر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ایک قرار داد کی منظوری کے ذریعہ کہا کہ ملک ایک بصیرت افروز سائنسداں ‘ایک حقیقی قوم پرست اور ایک عظیم سپوت سے محروم ہوگیا ہے ۔ کابینہ نے سابق صدر ہند کے گذشتہ روز شیلانگ میں اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر عبدالکلام کے غمزدہ افراد خاندان اور رشتہ داروں کو بھی مرکزی کابینہ ‘حکومت ہند اور عوام کی جانب سے بھی تعزیت پیش کی گئی ۔