عبدالباسط کی تیسرے دن بھی علحدگی پسندوں سے مشاورت

نئی دہلی ۔ 24 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ہائی کمشنر عبدالباسط نے آج مسلسل تیسرے دن بھی جموں و کشمیر کے علحدگی پسند قائدین کے ساتھ مشاورت جاری رکھی۔ انہوں نے ذیلی براعظم میں امن کا ماحول تیار کرنے میں ان سے مدد کی خواہش کی۔ اعتدال پسند حریت کانفرنس کے سابق صدرنشین عبدالغنی بھٹ کی زیر قیادت پہلے وفد نے ان سے ملاقات کی ۔ اس کے بعد سخت گیر موقف کے حامل حریت کے وفد نے سید علی شاہ گیلانی کی قیادت میں عبدالباسط سے ملاقات کی۔ تقریباً ایک گھنٹہ کی بات چیت کے بعد عبدالغنی بھٹ نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین امن کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک دوستانہ روابط استوار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیاء کے دو پڑوسی ممالک کے مابین دوستی کے نئے دور کا خیرمقدم کریں گے۔