عام ٹریڈ یونین ہڑتال سے ایس سی آر مزدور یونین کا اظہار یگانگت

دیگر یونینس سے ہڑتال میں حصہ لینے کی اپیل ، سی آئی ٹی یو قائد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ساوتھ سنٹرل ریلوے مزدور یونین اور دیگر یونینس نے قومی سطح پر 2 ستمبر سے شروع کی جانے والی عام ہڑتال سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریڈ یونین کے دیرینہ مطالبات کی تائید میں حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی آئی ٹی یو قائد سائی بابو دیوشنل سکریٹری ساوتھ سنٹرل ریلوے مزدور یونین نے دیگر یونین قائدین کے ہمراہ کہا کہ وہ آٹو ڈرائیورس یونین سنگارینی کالریز ورکرس ، دفاعی ملازمین اور خانگی شعبہ کے ملازمین سے عام ہڑتال میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے ۔ اس ہڑتال میں سوائے بی ایم ایس کے تمام یونینیں حصہ لے رہے ہیں ۔ سی آئی ٹی یو قائد نے بتایا کہ پچھلے دو سالوں سے نریندر مودی حکومت سے اجرت میں اضافہ کا مطالبہ کیا جارہا ہے جب کہ اقل ترین اجرت اٹھارہ ہزار کرنے کا مطالبہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت انتظامیہ کے فائدے کے لیے لیبر قوانین میں بنیادی تبدیلیوں کی کوشش کررہی ہے ۔ مزدوروں کی بڑی تعداد کو سماجی تحفظ میسر نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ یونینس تمام شعبوں میں صد فیصد بیرونی راست سرمایہ کاری کی مخالف ہیں ان میں شعبہ جات میں ریلویز ، دفاع ، فارما ، بینکنگس ، فوڈ انشورنس اور دیگر شعبہ شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا اس سرمایہ کاری سے نہ صرف معیشت بلکہ قومی تحفظ کو بھی خطرہ لاحق ہے ۔ سی آئی ٹی یو قائد نے بتایا 9 اگست کو ریاست میں تمام کلکٹوریٹس پر دھرنے منظم کئے جائیں گے اور مطالبات کی یکسوئی کا مطالبہ کیا جائے گا ۔ ملازمین سے اس ستیہ گرہ میں بڑی تعداد میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔ سی آئی ٹی یو قائد یشوکمار نے حکومت پر مخالف لیبر قوانین اور موافق کارپوریٹس ہونے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے حکومت سے کنٹراکٹ ملازمین طریقہ کار کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شعبہ میں سرمایہ کاری کو ختم کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے تمام ملازمین کو ای پی ایف بونس اور وظیفہ کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے اندرون 45 یوم یونین کو رجسٹرڈ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کیوں کہ حکومت کارپوریٹس کے دباؤ کے پیش نظر ٹریڈ یونینس کو رجسٹرڈ یا تسلیم نہیں کررہی ہے ۔۔