حیدرآباد /4 جولائی ( پی ٹی آئی ) شہر کے مختلف علاقوں میں شرابیوں کی جانب سے حالت نشہ میں گڑبڑ سے بالخصوص خواتین اور بچوں میں ہراسانی کی اطلاعات پر حیدرآباد پولیس نے پرہجوم عام مقامات پر شراب نوشی پر پابندی عائد کردی ہے ۔ پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی نے اپنے ایک صحافتی علامیہ میں کہا کہ اکثر شرابی بالعموم قانون کے پابند شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے ساتھ ناشائستہ رویہ اختیار کر رہے ہیں جس سے خواتین اور بچوں کے احترام اور تحفظ کو بھی خطرہ لاحق ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عام مقامات پر شراب نوشی اگرچہ پہلے سے امتناع عائد ہے لیکن انسانی زندگی بالخصوص خواتین اور بچوں کے تحفظ و سلامتی کو لاحق خطرہ کے علاوہ نقص امن کے اندیشوں سے نمٹنے کیلئے تیز رفتار اقدامات ضروری تصور کئے گئے ہیں ۔ یہ احکام فوجداری ضابطہ کی دفعہ 144 کے تحت جاری کئے گئے ہیں جو 5 جولائی تا 11 جولائی نافذ رہیں گے ۔