عام مقامات پر تعمیراتی ملبہ ڈالنا مہنگا ثابت ، جی ایچ ایم سی کا انتباہ

حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) کھلے عام عوامی مقامات پر تعمیری اور دیگر اشیاء خاص طور پر سڑکوں کی جانب بارشی نکاسی نالے اور واٹر سپلائی کے قریب غیرمجاز تعمیری اشیاء و ملبہ ڈالنے پر جی ایچ ایم سی نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلہ میں بھاری جرمانہ عائد کرنے کیلئے ریاستی حکومت سے اجازت طلب کی ہے تاکہ غیرمجاز ریتی نکالنے پر انڈسٹری اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جرمانہ کے متوازی قانون بنایا جائے۔ ایسے ٹراکٹرز، آٹو ٹپرس جو دو ٹن ملبہ کو لے جاتے ہوئے پکڑے جائیں گے جس کا مقصد نالوں، عام پبلک مقامات اور جھیلوں پر تعمیراتی ملبہ ڈالنا ہے تو پہلی مرتبہ پکڑے جانے پر پانچ ہزار روپئے کا جرمانہ، دوسری مرتبہ 15 ہزار روپئے اور تیسری مرتبہ خلاف ورزی پر گاڑی کی ضبطی شامل ہے۔ اسی طرح وہ لاریز جن کی گنجائش 10 ٹن ہو پہلی مرتبہ 50 ہزار روپئے جرمانہ، دوسری مرتبہ ایک لاکھ روپئے اور تیسری مرتبہ گاڑی کی ضبطی شامل ہے چنانچہ ان سفارشات کے ساتھ جی ایچ ایم سی نے حکومت سے اجازت طلب کی ہے اور امید ہیکہ اس سلسلہ میں میونسپل ایڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ بہت جلد آرڈرز جاری کرے گی۔