عام آدمی پارٹی ۔ بی جے پی جھڑپیں ، ایف آئی آر میں اعلیٰ سطحی پارٹی نامزد

نئی دہلی 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے اعلیٰ سطحی قائدین اشوتوش اور شازیہ علمی کے نام ایف آئی آر میں نامزد کئے گئے ہیں جن میں اُن پر فساد کرنے اور سرکاری جائیداد کو نقصان پہنچانے پر اُتر آنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے اِن کی گرفتاری کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ جبکہ بی جے پی کے ہیڈکوارٹرس کے روبرو بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کے سلسلہ میں عام آدمی پارٹی کے 14 کارکن پہلے ہی گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ ایف آئی آر کل رات پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں عام آدمی پارٹی احتجاجیوں کے خلاف درج کروائی گئی ہے اور اِس میں آشوتوش اور شازیہ علمی کے نام بھی جھڑپوں کے مقام پر کل موجود رہنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس نے ابتداء میں 33 افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں 14 رات دیر گئے حراست میں لئے گئے جبکہ باقی کو رہا کردیا گیا۔ وہ تمام افراد جن کی شناخت ہوگئی ہے کہ وہ احتجاج کے مقام پر موجود تھے، اُن کے نام ایف آئی آر میں درج کروائے گئے ہیں۔ سینئر دہلی پولیس عہدیدار نے کہاکہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اُنھیں آج دوپہر مقامی عدالت کے اجلاس پر پیش کیا جائے گا۔28 افراد بشمول 13 عام آدمی پارٹی اور 10 بی جے پی کارکن گرفتار کئے گئے ہیں۔ شازیہ علمی نے الزام عائد کیا ہے کہ کل اُنھوں نے دہلی پولیس کے تعصب کا مشاہدہ کیا جو بی جے پی کے ساتھ شامل ہوکر پرامن احتجاجیوں کو جن کا تعلق عام آدمی پارٹی سے تھا، منتشر کرنے میں مصروف تھی۔ پولیس نے وہ اینٹیں، پتھر اور کرسیاں نہیں دیکھیں جو بی جے پی ہیڈکوارٹرس کے اندر سے احتجاجیوں پر پھینکی گئی تھیں۔ اُنھیں صرف وہ لوگ نظر آرہے تھے جنھوں نے بہت بعد میں جوابی کارروائی شروع کی۔ پولیس بی جے پی حامیوں کو تحفظ فراہم کررہی تھی۔ پولیس نے عام آدمی پارٹی کے احتجاج کو مکمل طور پر غیرقانونی قرار دیا کیونکہ پارٹی نے پیشگی اجازت حاصل نہیں کی تھی۔ آشوتوش نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے حامی جھڑپ میں زخمی ہوگئے۔

بی جے پی قائدین نے پارٹی کے حامیوں کو زدوکوب کیا۔ دہلی پولیس نے اُس وقت کارروائی کی جبکہ بی جے پی دفتر کے گلدانوں کو نقصان پہنچا لیکن اُنھوں نے اُس وقت کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ عام آدمی پارٹی کے حامی زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے تمام واقعات کی ویڈیو گرافی کی ہے۔ پولیس کے سینئر عہدیدار کے بموجب اِس مقدمہ میں مزید افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔ عام آدمی پارٹی کارکنوں نے کل بی جے پی کارکنوں کے ساتھ بھگوا پارٹی کے ہیڈکوارٹرس کے روبرو کئی گھنٹوں تک جدوجہد کی۔ پارٹی کے قائد اروند کجریوال کو گجرات میں مختصر سے وقت کے لئے حراست میں لئے جانے کے خلاف بی جے پی ہیڈکوارٹرس کے روبرو عام آدمی پارٹی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جو بعدازاں پرتشدد واقعات میں تبدیل ہوگیا۔