عام آدمی پارٹی کے نظریات عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی

سماجی جہدکار میدھا پاٹکر ، حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی امیدوار چھایہ رتن کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز)ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد دونوں علاقوں کی عوام کی بھلائی اورترقی کے لئے عام آدمی پارٹی نظریات کی تشہیر کو موثر ذریعہ قراردیتے ہوئے سماجی جہدکار و عام آدمی پارٹی کے قومی قائد میدھا پاٹیکرنے کہاکہ ریاستوں کی تقسیم کے بعد پیدا ہونے والے حالات سے مقابلہ کے لئے عام آدمی کاسیاسی اور سماجی طور پراستحکام ضروری ہے۔نیوپریس کلب میںمنعقدہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید کہاکہ عام آدمی پارٹی ہی پورے ملک میں ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس نے عام شہری سے جڑے مسائل کے حل کو اپنے انتخابی منشور میںشامل کیا ہے اس کے برخلاف دیگر سیاسی جماعتیں بالخصوص کانگریس اور بی جے پی کے انتخابی منشورسابق کی طرح رائے دہندوں سے جھوٹے وعدے اور کھوکھلے دعوئوں سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی شہر کے ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی چاہتی ہے انہو ں نے کہاکہ دیہی علاقوں کی قربانیوں کے ذریعہ شہروں کی ترقی قابلِ مذمت اقدام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ قدرتی وسائل‘ تاریخی ورثے کا بھی تحفظ ضروری ہے جو ایک تہذیب کاحصہ ہے مگر شہروں کی ترقی اور سرمائیداروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے ان تمام امور کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے شہر حیدرآباد میںمیٹروریل پراجکٹ کے نام پر تاریخی ورثہ کو ہونے والے نقصانات کو قابلِ افسوس قراردیتے ہوئے کہاکہ ایک کیلومیٹر کے فاصلہ پر ریلوے اسٹیشن کی موجودگی کے باوجود سلطان بازار میںمیٹروریل لائی جارہی ہے جس سے علاقہ کے تاریخی اثاثوں کو خطرہ لاحق ہے۔ میدھاپاٹیکر نے پولاروم پراجکٹ کے ذریعہ قبائیلیوں کو درپیش خطرات پر بھی تاسف کا اظہار کیا او رکہاکہ مرکزی حکومت کا یہ اقدام غیر جمہوری ہے ۔ قومی سماجی جہدکار راجندر سنگھ نے بھی اس پریس کانفر س سے خطاب کرتے ہوئے قومی سطح پر سرمائیداروں کی بڑھتی اجارہ داری کو عام شہری کے لئے خطرہ قراردیا۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اور بی جے پی کارپوریٹ گھرانوں کی ترقی کے متعلق فکر مند ہیںجبکہ عام آدمی پارٹی عام شہری کو مضبوط ومستحکم بنانے سنجیدہ ہے۔ پارلیمانی حلقہ سکندرآباد سے عام آدمی پارٹی کی امیدوار چھایہ رین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عام آدمی پارٹی کے متعلق عوام کی رائے بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ‘ بی جے پی اور دیگر علاقائی سیاسی جماعتوں سے اکتائی ہوئی عوام کے لئے عام آدمی پارٹی ایک بہترین متبادل ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ منتخب نمائندوں سے عوام کو کافی توقعات ہوتی ہیں مگر انتخابات میں کئے گئے وعدوں کودرکنار کرنا عوامی نمائندوں کی عادت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ارکان پارلیمنٹ کی کارکردگی اور ایم پی لاڈ کے لئے جاری کی گئی رقم اور اس کا خرچ لوک سبھا کی ویب سائیڈ پر دستیاب رہتا ہے مگر میں نے جب سکندرآباد حلقہ کی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے لوک سبھا کی ویب سائیڈ کا جائزہ لینے کی کوشش کی تو مجھے پتہ چلاکہ ویب سائیڈ بلاک کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکندرآباد کے پیدل دورے‘ کارنر میٹنگ اور انتخابی جلسوں کے موقع پر متعدد شکایت مجھے وصول ہوئی جن میں سنگین مسلئے آلودہ پانی کی سربراہی کا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت صاف ستھرا پینے کا پانی بھی عو ام کو سپلائی نہیںکرسکتی باوجود اسکے عوام کو گمراہ کرنے کے بڑے بڑے دعوئے کئے جاتے ہیں۔