نئی دہلی 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اروند کجریوال کا بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کا وارناسی میں اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار کمار وشواس کو امیتھی سے راہول گاندھی کے خلاف امیدوار مقرر کرنے کا فیصلہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پارٹی کارکنوں کی اور عطیہ دہندگان کی حوصلہ افزائی کی وجہ بنا ہے۔ عام آدمی پارٹی کو گزشتہ 36 گھنٹے میں ایک کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے عطیے حاصل ہوئے ہے۔اروند کجریوال نے 2 نامور قائدین سے جاریہ عام انتخابات میں مقابلہ کے لئے پارٹی کو عطیے دینے کی اپیل کی تھی۔ منگل کی صبح وارناسی پہونچنے کے بعد اُنھوں نے یہ اپیل جاری کی تھی۔ اِس کے فوری بعد 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں عام آدمی پارٹی کو 80 لاکھ روپئے سے زیادہ مالیتی عطیے وصول ہوئے۔ اُس کے بعد کے 12 گھنٹوں میں مزید 22 لاکھ روپئے مالیتی عطیے وصول ہوگئے۔ عام آدمی پارٹی کی ویب سائیٹ اور عام آدمی پارٹی کی رجحانات ظاہر کرنے والی ویب سائیٹ جو عوام کے لئے عطیوں اور رجحانات پر نظر رکھ رہی تھی اور 17 اپریل تک کارکرد رہنے والی تھی۔ اُس پر دستیاب اطلاع کے بموجب پارٹی کو 22 لاکھ 68 ہزار 622 روپئے 443 عطیہ دہندگان سے حاصل ہوئے اور جملہ 92 ہزار 970 عطیہ دہندگان سے جن کا تعلق 114 ممالک، 38 ریاستوں اور مرکز زیرانتظام علاقوں سے ہے، 620 اضلاع سے اِن کا تعلق ہے۔ جملہ 27 کروڑ 92 لاکھ 94 ہزار 796 روپئے مالیتی عطیے دیئے۔ انتخابات کا آغاز ہوچکا ہے۔ دہلی، مہاراشٹرا، یوپی، کرناٹک اور ہریانہ 5 سرفہرست ریاستیں ہیں جنھوں نے عام آدمی پارٹی کو عطیے دیئے ہیں۔
دیگر مقامات سے 4 کروڑ 70 لاکھ روپئے کے عطیہ حاصل ہوئے۔ دہلی سے 5 کروڑ، مہاراشٹرا سے 4 لاکھ 25 لاکھ ، کرناٹک سے ایک کروڑ 74 لاکھ، یو پی سے 2 کروڑ 16 لاکھ، ہریانہ سے ایک کروڑ 61 لاکھ اوردیگر مقامات سے 4 کروڑ 70 لاکھ روپئے کے عطیے حاصل ہوئے۔ تاہم ایک حیرت انگیز اقدام کرتے ہوئے پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عطیہ جات کی نگرانی کرنے والی ویب سائیٹ جمعرات سے بند کردی جائے۔ ابھیجیت اُپادھیائے نے ایک اشتہار ویب سائیٹ پر شائع کیا ہے جس کے بموجب بڑھتی ہوئی ٹکنیکل اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے ویب سائیٹ بند کی جارہی ہے۔ اِس کی دیکھ بھال مشکل ہوگئی ہے۔ پارٹی اِن تمام افراد کی مشکور ہے جنھوں نے اِس ویب سائیٹ کو ممکن بنایا اور اُسے افسوس ہے کہ جن لوگوں کو رجحانات سے واقفیت کی عادت ہوچکی ہے اُن کی خدمت نہیں ہوسکے گی۔