عام آدمی پارٹی میں بحران عارضی، میں استعفیٰ نہیں دوں گا: یوگیندر یادو

نئی دہلی 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی میں اپنی قسمت اور مستقبل کے معلق ہونے کے تناظر میں بڑھتی ناراضگیوں پر پارٹی کے سینئر لیڈر یوگیندر یادو نے کہاکہ یہ بحران ایک ’’عارضی‘‘ ہے۔ وہ پارٹی سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔ پارٹی کے اندر ناراضگیاں اور بحران پیدا ہونے کے درمیان آج پارٹی کی قومی عاملہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس اججلاس کے مقام کو پہونچتے ہوئے یوگیندر یادو نے کہاکہ پارٹی کے اندر پیدا ہونے والا بحران موقتی ہے اور اس پر ہم قابو پالیں گے۔ شام تک ہر چیز صاف ہوجائے گی۔ یادو نے توقع ظاہر کی کہ ان کی پارٹی ایک ایک قدم آگے بڑھ رہی ہے اور وہ پیچھے مڑ کر ہرگز نہیں دیکھے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا اور پارٹی کے سینئر قائدین پرشانت بھوشن، کمار وشواس، الیاس اعظمی اور سنیل آریا بھی اس اجلاس کے مقام کو پہلے ہی پہونچ چکے تھے۔ اس دوران پارٹی کے سینکڑوں حامیوں نے جو اجلاس کے مقام کے باہر جمع تھے نعرے لگائے اور پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو متحد رکھیں۔ اس میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔ یوگیندر یادو نے ٹوئٹر پر یہ بھی لکھا ہے کہ پارٹی کو نہ تو توڑیں گے اور نہ چھوڑیں گے۔ پارٹی کو سدھاریں گے اور خود سدھریں گے۔ عام آدمی پارٹی کی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں پارٹی کے اندر پیدا ہونے والے داخلی انتشار کا جائزہ لیا گیا۔ یہ انتشار پارٹی کو کمزور کرسکتا ہے ہر ایک لیڈر کو خود احتسابی کی ترغیب دی جارہی ہے۔ قبل ازیں اشیش کھیتان نے جو عام آدمی پارٹی دہلی یونٹ کے اہم رکن ہیں کہاکہ آج کے اجلاس میں یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ تاہم اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ پارٹی کو مستحکم رکھا جائے۔ بعض گوشوں نے یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کل اپنے ٹوئٹر پر دونوں نے شدید بیانات جاری کئے تھے۔ کھیتان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ میں برسر عام پرشانت بھوشن کے تعلق سے تبصرہ نہیں کروں گا۔ ہم کو کئی عوامی مسائل کا مقابلہ کرنا ہے اور توقع ہے کہ یہ ٹیم مل جل کر کام کرے گی۔