عام اور ریل بجٹ علیحدہ پیش کرنے کی 92 سالہ روایت کا اختتام

31 مارچ تک بجٹ کی تکمیل، عام اور ریل بجٹ کا انضمام، مرکزی کمیٹی برائے بجٹ میں فیصلے
نئی دہلی 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت آئندہ مالی سال سے بجٹ کی پورا عمل 31 مارچ سے پہلے مکمل کر لے گی۔ ریل بجٹ بھی اب الگ سے پیش نہیں کیا جائے گا بلکہ یہ عام بجٹ کا ہی حصہ ہو گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی آج یہاں ایک میٹنگ میں ریل بجٹ کو عام بجٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے آئندہ بجٹ سے منصوبہ بند اور غیر منصوبہ خرچ کا انتظام بھی الگ الگ رکھنے کا سلسلہ ختم کر نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت نظریاتی طور پر اس بات کے حق میں ہے کہ اگلے مالی سال بجٹ کے پورے عمل کو مئی کے بجائے 31 مارچ سے پہلے مکمل کر لیا جائے تاکہ بجٹ کے تقاضوں پر یکم اپریل سے عمل شروع کیا جا سکے ۔ ابتک کے عمل میں بجٹ مئی میں منظور ہو پاتا ہے اور اس کے تقاضوں پر مؤثر طریقے سے عمل شروع کرتے کرتے ستمبر کا مہینہ آجاتا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ بجٹ کے عمل کو 31 مارچ سے پہلے مکمل کرنے کے لئے حکومت پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس سے پہلے بلانا چاہتی ہے لیکن اگلے سال کے شروع میں کچھ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کو دیکھتے ہوئے اس کی تاریخ کا فیصلہ الیکشن پروگرام کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ دریں اثناء ریل بجٹ کو عام بجٹ میں شامل کرنے کی تجویزکو آج مرکزی کابینہ نے منظوری دیدی۔

اسی کے ساتھ اب ریل بجٹ پیش کرنے کی 1924 سے جاری قدیم ترین روایت ختم ہو گئی۔ ذرائع نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں یہاں مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس تجویز کو منظوری دی گئی. ریلوے کے وزیر سریش پربھو اور ریلوے بورڈ کے صدر اے کے متل ساؤتھ بلاک میں ہونے والی اس ملاقات میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اگلے سال سے عام بجٹ میں ہی ریلوے کی تفصیلات کو بھی شامل کیا جائے گا اور بجٹ دستاویزات میں منسلکہ کے طور پر ریل بجٹ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش رکھا جائے گا۔بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کے بعد ریلوے کے وزیر پریس کانفرنس میں اگلے مالی سال کیلئے ریلوے کی بجٹ تجاویز کی معلومات عام کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے ریلوے کے وزیر یا وزارت کے حقوق اور خود مختاری کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ریلوے کی پالیسیوں اور منصوبوں پر وزارت کا کنٹرول جوں کی توں رہے گا. البتہ اس کے سر سے بہت سارے بوجھ کم ہو جائیں گے ۔ ملازمین کی تنخواہوں / پنشن الاؤنس وغیرہ کے لئے مرکزی ملازمین کیلئے متحد انتظامات ہوں گے اور ریلوے کی آمدنی پر اس کا بوجھ نہیں ہو گا۔  قابل ذکر ہے کہ ریلوے کے وزیر نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں بتایا تھا کہ انہوں نے وزیر فینانس سے عام بجٹ میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ریلوے کی وزارت مسافر کرایوں اور مال بھاڑوں کے تعین کے لئے ایک خود مختار مقتدرہ بنانے کا عمل پہلے ہی شروع کر چکی ہے ۔  ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد آنے والے وقت میں حکومت کے لئے ریلوے کو نقل و حمل کی ایک مشترکہ وزارت میں ضم کرنا آسان ہو جائے گا۔

صدر جمہوریہ ہند کی ڈی آر ڈی کو مبارکباد
نئی دہلی۔21ستمبر(یواین آئی) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی نے زمین سے ہوا میں مار کرنے والے میزائیل ’باراک۔8 ‘ کے کامیاب تجربے پر ڈی آر ڈی او کو مبارکباد دی ہے ۔ دفاعی تحقیق اور ترقی کے محکمہ کے سکریٹری اور ڈی آر ڈی او کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر ایس کرسٹوفر کو اپنے ایک پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا ہے کہ میں آپ کو ’باراک۔8‘ کے جو اسرائیل کے تعاون سے تیار کردہ ہے، کامیاب تجربے سے وابستہ تمام لوگوں کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔
اس کامیابی پر قوم کو فخر ہے ، مجھے یقین ہے کہ اس کامیابی سے چنوتیوں والے میدانوں میں تکنیکی اعتبار سے بھارت کی دفاعی صلاحیت کو مزید فروغ ملے گا۔ برائے کرم اس مشن میں مصروف سائنسدانوں ، انجینئروں اور دیگر افراد کی ٹیم کے سبھی ارکان کو میری نیک خواہشات پہنچادیں۔ علاوہ ازیں صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی نے جمہوریہ مالی کے قومی دن (22 ستمبر 2016) سے قبل شام وہاں کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ جمہوریہ مالی کے صدر ابراہیم بوبکر کیتا کو ارسال کئے گئے اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارتی حکومت عوام اور اپنی طرف سے مجھے اس بات پر مسرت ہے کہ میں آپ کو اور مالی کے عوام کو، آپ کے قومی دن کے موقع پر گرم جوشی کے ساتھ مبارکباد دے رہا ہوں۔ ہندوستان اور مالی کے درمیان تعلقات روایتی طور پر گرم جوشی پر مبنی اور دوستانہ نوعیت کے رہے ہیں۔ مجھے اعتمادہے کہ آنے والے برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں مزید استحکام آئے گا جس سے ہمارے عوام کو باہمی طور پر فائدہ پہنچے گا۔ میں اس موقع پرآپ کی صحت اور خوشحالی نیز جمہوریہ مالی کے اتحاد ، امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔