عام انتخابات کی مہم ، سوشیل میڈیا پر برسر اقتدار جماعت ، اپوزیشن اور عام شہریوں کااستعمال

ہندوستان سے بیرون ملک دولت کی منتقلی اصل نشانہ ، چوکیدار مہم پر شدید تنقیدیں عوام کی مرکز توجہ
حیدرآباد۔25مارچ(سیاست نیوز) عام انتخابات کی مہم کے دوران برسر اقتدار جماعت اور اپوزیشن کے علاوہ عام شہری بھی سوشل میڈیا کا بھر پور استعمال کرنے لگے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام ایسے موضوعات زیر بحث لانے کی کوشش کر رہے ہیں جو حکومت کو جواب دہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ۔عام انتخابات کے پہلے مرحلہ کے لئے پرچۂ نامزدگیوں کے ادخال کا وقت ختم ہوتے ہی سوشل میڈیا پر جاری انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوچکی ہے اور برسراقتدار جماعت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ ملک کی موجودہ امن و امان کی صورتحال اور معاشی حالات پر تبصرے کئے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری سب سے اہم پوسٹ جو سب سے زیادہ گشت کرر ہی ہے وہ ہندستان میں مالی خرد برد کرتے ہوئے ہندستانی دولت بیرون ملک لیجانے والے سرکردہ صنعتکاروں کے متعلق ہے جن میں للت مودی‘ وجئے مالیا‘ جتین مہتا‘ مہول چوکسی ‘ نیرو مودی شامل ہیں۔ سوشل میڈیا پر گشت کرنے والی اس پوسٹ کے متعلق عوام اس بات کا استفسار کر رہے ہیں کہ ان مفرور ملزمین کو مودی حکومت کب واپس لائے گی اور ان کی جانب سے لوٹی گئی ہندستانی دولت کو کیسے وصول کیا جائے گا! للت مودی جو کہ سال 2015 میں ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہواوہ اب مالٹا میں مقیم ہے جس نے 125کروڑ کی دھوکہ دہی کرتے ہوئے ملک سے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ وجئے مالیا ہندستانی بینکوں کو 9000 کروڑ روپئے بقایاجات کے ساتھ ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اور 2016 میں فرار ہونے والے وجئے مالیا کو حکومت ہند اب تک ہندستان لانے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے بلکہ وجئے مالیا لندن میں پرتعیش زندگی گذار رہا ہے۔ اسی طرح جتین مہتا جو کہ 7000کروڑ کے اسکام کے بعد 2016میں ملک سے فرار ہوا اور کیریبین میں مقیم ہے اسے بھی ملک واپس لانے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے بلکہ وہ بھی آرام دہ زندگی گذار رہا ہے ۔ مہول چوکسی جس نے 14ہزار 357کروڑ کی دھوکہ دہی کی ہے وہ بھی 2018میں ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا اور اب بھی کیریبین میں آرام دہ زندگی گذار رہا ہے لیکن حکومت کی جانب سے واپس لانے اور ملک کی دولت واپس لانے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ نیرو مودی جس نے ہندستانی بینکوں کو 22ہزار کروڑ کا دھوکہ دیتے ہوئے ملک کے عوام کی دولت لوٹنے میں کامیابی حاصل کی اس کے انکشاف کے ساتھ ہی وہ بھی سال 2018میں ملک سے فرار ہوگیا اور لند ن کی سڑکوں پر لاکھوں روپئے کا سوٹ زیب تن کئے ہوئے گھوم رہا ہے اور اسے بھی گرفتار کرنے کیلئے یا لوٹی گئی دولت کو واپس لانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جو کہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔ ملک میں برسر اقتدار سیاسی جماعت کی جانب چلائی جانے والی چوکیدار مہم بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنی ہوئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ملک میں چوکیدار ہی چور ہے جس کے سبب اتنے بڑے لٹیرے ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔