عام انتخابات میں مرکز میں کانگریس کی حکومت، راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کا عزم

اتم کمار ریڈی پر دیگر قائدین کو نظرانداز کرنے کا الزام، راہول گاندھی سے تلنگانہ کانگریس قائدین کی ملاقات

حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے آج دہلی میں پارٹی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی شکایت کرتے ہوئے ان پر یکطرفہ فیصلے کرنے کا الزام عائد کیا۔ سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے دہلی پہونچنے والے کانگریس قائدین ورکنگ پریسڈنٹ ملوبٹی وکرامارک، ارکان اسمبلی ڈی کے ارونا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ریونت ریڈی، ارکان قانون ساز کونسل کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی، اے للیتا، سابق وزیر ڈی سریدھر بابو کے علاوہ سابق ارکان اسمبلی کے بشمول کئی قائدین نے راہول گاندھی سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا بھی موجود تھے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس کے بیشتر قائدین نے راہول گاندھی سے اتم کمار ریڈی کی شکایت کی اور انھیں بتایا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی یکطرفہ فیصلے کررہے ہیں۔ فیصلے کرنے سے قبل پارٹی قائدین سے کوئی صلاح و مشورہ نہیں کررہے ہیں۔ کسی بھی معاملے میں پارٹی کے قائدین کو اعتماد میں لینے میں بھی ناکام ہوگئے۔ عہدوں کی تقسیم اور دوسرے معاملات میں من مانی کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے پارٹی کے قائدین کو تیقن دیا کہ وہ پارٹی قائدین سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر علیحدہ علیحدہ ملاقات کو بھی ترجیح دیں گے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملو بٹی وکرامارک، ڈی کے ارونا اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس کو مستحکم کرنے کے لئے راہول گاندھی کو زیادہ سے زیادہ وقت دینے کی اپیل کی گئی۔ 2019 ء میں کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار لانے کا راہول گاندھی سے وعدہ کیا گیا۔ اس کے لئے جو کام کیا جارہا ہے اس پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ آئندہ عام انتخابات میں مرکز میں کانگریس کی سیکولر حکومت قائم کرنے اور راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کیلئے کام کیا جائے گا۔ ان قائدین نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی یا دوسرے کسی قائد سے کوئی شکایت نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ دو دن قبل ہی اتم کمار ریڈی پارٹی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرچکے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہمارے ساتھ دہلی نہیں پہونچے۔ پارٹی کے استحکام کیلئے کمیٹی تشکیل دے کر اُس کمیٹی سے تبادلہ خیال کرنے کا راہول گاندھی سے مطالبہ کیا گیا۔ ان قائدین نے بتایا کہ 40 سینئر قائدین کی دستخط پر مشتمل ایک رپورٹ راہول گاندھی کو پیش کی گئی۔