عام انتخابات میں دونوں ریاستوں میں کانگریس کو اقتدار

تلنگانہ بل کی منظوری سونیا گاندھی کارنامہ ، جناب محمد علی شبیر کا اظہار خیال

حیدرآباد۔/21فبروری، ( سیاست نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل کی منظوری کا سہرا صدر کانگریس سونیا گاندھی کے سر جاتا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں تلنگانہ اور سیما آندھرا دونوں ریاستوں میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے برسر اقتدار آئے گی۔ نائب صدر پردیش کانگریس اور رکن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے آج نئی دہلی میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج آندھرا پردیش ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔ دیگر تلنگانہ قائدین کے ہمراہ محمد علی شبیر نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل کی منظوری پر ڈگ وجئے سنگھ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے انچارج کی حیثیت سے ڈگ وجئے سنگھ نے تشکیل تلنگانہ کے عمل کو خوشگوار انداز میں مکمل کیا ہے۔ محمد علی شبیر نے گروپ آف منسٹرس میں شامل وزراء سے بھی ملاقات کی اور تلنگانہ عوام کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے 2004ء میں تلنگانہ عوام کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا اس کی تکمیل کیلئے انہوں نے ہر چیلنج کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان کی یہ روایت ہے کہ جو وعدہ کیا گیا اس کی تکمیل کی گئی۔ اندرا گاندھی، راجیو گاندھی کے بعد سونیا گاندھی نے اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کیا ہے۔ محمد علی شبیر نے تشکیل تلنگانہ کیلئے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور نائب صدر کانگریس راہول گاندھی سے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان دونوں قائدین نے بھی سیما آندھرا کی جانب سے مخالفتوں کی پرواہ کئے بغیر ورکنگ کمیٹی، یو پی اے رابطہ کمیٹی اور مرکزی کابینہ میں تلنگانہ بل کے حق میں فیصلے کو یقینی بنایا ہے۔ محمد علی شبیر نے علحدہ ریاست کی تشکیل سے متعلق ٹی آر ایس قائدین کے دعویٰ کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ لوک سبھا میں ایک رکنی جماعت کس طرح تشکیل ریاست کا دعویٰ کرسکتی ہے

جبکہ راجیہ سبھا میں تو اس کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ تلنگانہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ صرف اور صرف کانگریس پارٹی اور اس کی صدر سونیا گاندھی کے سبب علحدہ ریاست وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے سیما آندھرا عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کی تقسیم سے خوفزدہ نہ ہوں، ان کے علاقہ کی ترقی سے متعلق ضرورتوں کی تکمیل کیلئے تلنگانہ قائدین تعاون کرنے تیار ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں دونوں ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے اور تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرن کمار ریڈی نئی پارٹی قائم کریں تب بھی کانگریس کے امکانات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔