عام انتخابات میں بیالٹ پیپرس استعمال کرنے کا مطالبہ

17 اپوزیشن پارٹیوں کا بیان ، بلالحاظ پارٹی وابستگی تمام سیاسی پارٹیاں مطالبہ پر متحد
نئی دہلی ۔ /2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن سے آج 17 اپوزیشن پارٹیوں نے ایک بار پھر متفقہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں بیالٹ پیپر پر رائے دہندوں کے مہر لگانے کے طریقے کو دوبارہ استعمال کیا جائے ۔ بٹن دبانے کا سسٹم ختم کردیا جائے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ برقی رائے دہی مشینیں (ای وی ایم) یہاں تک کہ جن کی جانچ کاغذی آڈٹ آزمائش (وی وی پیاٹ) کے ذریعہ کی جاتی ہے ناقابل قبول ہوں گی ۔ کانگریس کی زیرقیادت تمام اپوزیشن پارٹیوں کا پیر کے دن ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن سے آئندہ ہفتہ ایک بار پھر کاغذی رائے دہی کے سسٹم کو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کا ادعا ہے کہ ای وی ایم بے عیب ہیں اور وی وی پی اے ٹی اس کو مزید تحفظ فراہم کرتی ہیں ۔ اس لئے مراکز رائے دہی پر قبضوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ الیکشن کمیشن نے بار بار اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ ان مشینوں کی کارکردگی پر شکوک و شبہات ظاہر کرنا ترک کردیا جائے ۔ تازہ ترین مطالبہ ای وی ایم ترک کردینے کا اپوزیشن کے جارحانہ موڈ کا اظہار ہے جس کا گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصہ سے بی جے پی کے خلاف اظہار کیا جارہا ہے ۔ بیالٹ باکسیس کے مسئلہ پر اپوزیشن پارٹیاں ایک بار پھر متحد ہوگئی ہیں ۔ ان میں ترنمول کانگریس ، بائیں بازو کی پارٹیاں ، این سی پی اور این ڈی کی حلیف شیوسینا کے علاوہ تلگودیشم اور دیگر شامل ہیں۔