راجناتھ سنگھ کے نام کانگریس قائد احمدپٹیل کا مکتوب
نئی دہلی ۔2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد احمد پٹیل نے آج مرکز پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات سے چشم پوشی نہ کریں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ فرقہ وارانہ تشدد ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد 2019 ء کے عام انتخابات سے پہلے ماحول کو مذہبی خطوط پر صف آراء کرنا ہے ۔ احمدپٹیل نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے نام اپنے مکتوب میں دستوری ادارے اور مملکت کی مشنری کے بارے میں اظہار تشویش کیا اور کہا کہ یہ لوگ اپنے فرائض میں کوتاہی برت رہے ہیں اور جبر و تخفیف کے حربے استعمال کررہے ہیں۔ انھوں نے راجناتھ سنگھ سے خواہش کی کہ وہ متعلقہ ریاستی حکومتوں کو ہدایت دیں کہ اُن تمام کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے جو فرقہ وارانہ جھڑپوں کے ذمہ دار ہوں ۔ اُن کی سیاسی وفاداریوں کا خیال کئے بغیر سخت کارروائی کرنی چاہئے تاکہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ بیشتر اشرار سیاسی مفادات حاصلہ کی نمائندگی کرتے ہیںاور یہ ایک تشویشناک بات ہے ۔