عام آدمی پارٹی کے دو ارکان اسمبلی کو کینیڈا

ایرپورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا
اوٹاوا، 23جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب سے عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی امرجیت سنگھ سندووا اور کلتار سنگھ سندھواں کو کینیڈا میں امیگریشن افسران نے ہوائی اڈہ پر روک لیا اور تفتیش کے بعد واپس ہندوستان بھیج دیا۔روپڑ علاقہ کے اسمبلی ممبر سندووا اور کوٹاکاپور علاقہ کے ممبر اسمبلی سندھواں انفرادی طور پر اور پارٹی کے کچھ پروگراموں میں شرکت کیلئے کینیڈا گئے تھے ۔ امیگریشن افسران نے اتوار کو دونوں کو اٹاوا ایرپورٹ پر تفتیش کیلئے روکا اور جانچ پڑتال سے مطمئن نہ ہونے پر کینیڈا میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیااسکے بعد دونوں کو ہندوستان واپس بھیج دیا۔دونوں کو واپس کیوں بھیجا گیا اسکی حقیقی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ واضح رہیکہ دونوں ممبران اسمبلی کینیڈا آنے کا اصل مقصد نہیں بتاپائے۔ مسٹر سندھواں پر ایک خاتون کی شکایت پر گزشتہ برس کئی دفعات میں معاملے درج کئے گئے تھے ۔ میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق آپ کے ترجمان سدیپ سنگھل نے دونوں ممبران اسمبلی کو ہوائی اڈہ پر روکے جانے اور تفتیش کے بعد ہندوستان واپس بھیجے جانے کی تصدیق کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ہی اپنی بہن کے یہاں رکنے والے تھے ۔ انکے رشتہ دار ہوائی اڈہ کے باہر ان کا انتظار کررہے تھے لیکن امیگریشن افسران نے گھنٹوں چلی تفتیش کے بعد دونوں ممبران اسمبلی کو واپس بھیجے جانے کی اطلاع دی ۔