عام آدمی پارٹی کے برطرف وزیر کی خود سپردگی، عصمت ریزی کا کیس درج ، قابل اعتراض سی ڈی اسکینڈل

نئی دہلی ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): عام آدمی پارٹی کے برطرف شدہ وزیر سندیپ کمار نے آج شام ڈپٹی کمشنر پولیس کے دفتر پہونچکر خود کو پولیس کے حوالے کیا ۔ جنسی ہراسانی کیس میں ملزم سندیپ کمار، اروند کجریوال کابینہ میں وزیر سماجی بہبود و خواتین و اطفال تھے ۔ انہیں ایک ویڈیو میں خاتون کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھا گیا ہے ۔ ویڈیو میں جس خاتون کو بتایا گیا ہے اس نے سندیپ کمار کے خلاف شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وزیر نے اسے مشروب میں نشہ آور شئے ملا کر پلایا تھا ۔ اس نے راشن کارڈ بنانے کے لیے ان کی مدد حاصل کرنے ان سے ملاقات کی تھی ۔ اس متاثرہ خاتون نے سلطان پوری پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے کہ کمار نے نشہ آور شئے پلاکر اس کی عصمت ریزی کی ہے ۔ خاتون نے دعوی کیا کہ اسے سی ڈی بنائے جانے کا علم نہیں ہے ۔ اس سی ڈی کو سندیپ کمار نے وزیر بننے کے بعد تیار کی ہے ۔ پولیس نے سندیپ کمار کے خلاف عصمت ریزی کیس درج کیا ہے اور خاتون کو تحقیقات اور طبی معائنہ کے لیے روانہ کیا ہے ۔ جوائنٹ کمشنر سنجے سنگھ نے کہا کہ متاثرہ خاتون کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے سندیپ کمار کو 376 ریپ 328 زہریلی شئے دینے کی کوشش اور 67A جنسی ہراسانی کے معاملہ کو آشکار کرنے کے کیس میں ماخوذ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے دلت ہونے کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔۔