عام آدمی پارٹی کی لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں

زیادہ سے زیادہ نشستوں پر مقابلہ ، اروندکجریوال کی وزارت عظمیٰ دوڑ میں شامل ہونے کی تردید
نئی دہلی ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عام آدمی پارٹی جس کا یہ دعویٰ ہے کہ ملک میں عام آدمی کو بری طرح نظر انداز کیا جارہا ہے اب 2014 لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں جٹ گئی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ مجوزہ انتخابات میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے ، بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے اور کئی علاقائی تنظیموں بشمول عام آدمی پارٹی کے مابین سخت مقابلہ ہوگا ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی نے اب لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے لیکن چیف منسٹر اروند کجریوال مقابلہ نہیں کریں گے ۔ چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ وہ 2014 لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے لیکن پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی سیاست کو شخصیت پر مبنی سیاست نہیں بنایا جانا چاہئے ۔ وہ ( کجریوال ) زیادہ اہم نہیں ہیں ۔ نریندر مودی اور راہول گاندھی بھی زیادہ اہم نہیں ہیں ۔ کجریوال کے انتخابی مقابلہ سے انکار کے بعد پارٹی لیڈر کمار وشواس نے کہا کہ یہ کجریوال کی شخصی رائے ہے اور انتخابات میں حصہ لینے کے تعلق سے کوئی بھی فیصلہ قبل از وقت ہوگا ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ کجریوال اس وقت صرف دہلی پر توجہ مرکوز کرنے کے خواہاں ہیں ۔ کجریوال کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پارٹی لیڈر یوگیندر یادو نے کہا تھا کہ وزارت عظمی کے عہدہ کے لیے راہول گاندھی اور نریندر مودی کے مابین مقابلہ اچھی علامت نہیں ہے ۔

ہمیں ایک بہتر متبادل ہونا چاہئے ۔ ان کا خواب ہے کہ اروند کجریوال ملک کے وزیر اعظم بنیں لیکن اس کا انحصار کئی امور پر ہے جن میں پارٹی کی طاقت اور عددی طاقت بھی شامل ہے ۔ چنانچہ اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔ ایک اور پارٹی لیڈر پرشانت بھوشن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں عام آدمی پارٹی زیادہ سے زیادہ نشستوں پر مقابلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب کانگریس اور بی جے پی کا متبادل چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوامی تحریک ہے اور اس کا عاملہ اجلاس اتوار کو بھی جارہے گا ۔۔
چھ دن کا چیف منسٹر بھی وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ سکتا ہے : کانگریس
نئی دہلی ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عام آدمی پارٹی کے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ چھ دن کے چیف منسٹر کو وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ۔ پارٹی جنرل سکریٹری و انچارج امور دہلی شکیل احمد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو خواب دیکھنے کا حق ہے ۔ کوئی بھی کسی کے خواب د یکھنے پر پابندی عائد نہیں کرسکتا اور ملک میں ایسا کوئی قانون نہیں ہے ۔ کئی چیف منسٹرس اس وقت وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ کس نے اس کا اعلان کردیا اور بعض تو خود کو ایسا تصور بھی کرتے ہیں اگر کجریوال چیف منسٹر بنے چھ دن ہوئے تو وہ بھی وزیر اعظم بننے کا خواب کیوں نہیں دیکھ سکتے ۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو کسی طرح کا خطرہ یا چیلنج نہیں ہے ۔۔