عام آدمی پارٹی کی جانب سے رائے دہندوں میں ’ صفر روپئے ‘ کے نوٹ کی تقسیم

کرنول 26 اپریل ( پی ٹی آئی ) عام آدمی پارٹی نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے رائے دہندوں میں رقومات کی تقسیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج رائے دہندوں میں ’ صفر روپئے ‘ کے نوٹ تقسیم کئے ۔ عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے رائے دہندوں میں لوک سبھا حلقہ کرنول کے امیدوار کے حق میں بائیک ریلی کے دوران صفر روپئے کے نوٹ پیش کئے تھے ۔ یہاں لوک سبھا حلقہ سے وی کرن کمار اور اسمبلی حلقہ کیلئے عبدالعزیز راہی عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہیں۔ ریلی میں بائیکس پر نوجوانوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔ نوجوان عام آدمی پارٹی کے پرچم لگائے ہوئے تھے اور یہ ریلی شہر کے کئی مقامات سے گذری ۔ صفر روپئے کے نوٹس پر یہ عہد تحریر ہے کہ وہ نہ رشوت لیں گے اور نہ رشوت دینگے ۔ اس کے علاوہ یہ پیام بھی تحریر ہے کہ عوام کو ووٹ کے بدلے نوٹ کی حکمت عملی کا شکار نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس سے ووٹ کی اہمیت ختم ہوکر رہ جاتی ہے ۔