پانا جی ۔ /12 جنور ی ( سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ کیا مسلسل ٹی وی اسکرین پر رہتے ہوئے اچھا کام کیا جاسکتا ہے یا پھر اس کے لئے بنیادی نظرئیے کی ضرورت ہوتی ہے ؟ انہوں نے ریالی سے خطاب کے بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ عوام کو یہ فیصلہ کرنا چاہئیے کہ اچھا کام کرنے کیلئے کسی تعمیری اور ترقی سے مربوط نظریہ کی ضرورت ہے یا پھر مسلسل ٹی وی اسکرین پر رہتے ہوئے ایسا کیا جاسکتا ہے ۔ اس سے پہلے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے چیف منسٹر گوا منوہر پریکر کی سادگی کی تعریف کی اور کہا کہ اگر وہ دہلی میں ہوتے تو عوام کو اس کا اندازہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا دہلی سے آگے سوچنا بھی گوارا نہیں کرتا ۔
انہوں نے خوداپنی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ گجرات میں 12 سال سے کام کررہے ہیں اور ٹی وی اسکرین و اخبارات دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ان پر کسی کو بھروسہ نہیں رہا لیکن عوام کے دلوں میں آج بھی ان کا مقام ہے اور وہ ان پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ نریندر مودی نے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کے اقلیتوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات پر نظرثانی سے متعلق ہدایت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ووٹ بینک سیاست کررہی ہے ۔