عام آدمی پارٹی تلنگانہ کا انتخابی منشور جاری

عوام کے بنیادی مسائل کو ترجیح،پروفیسر ویشویشور راو

حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) عام آدمی پارٹی تلنگانہ کی جانب سے آج پارٹی کا انتخابی منشور جاری کردیا گیا۔ پروفیسر وشویشور راو کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین نے آج ذرائع ابلاغ اداروں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے عوام کا منشور تیارکیا ہے اور اس منشور کی تیاری میں بنیادی عوامی مسائل کوشامل رکھا گیا ہے۔ 6 صفحات پر مشتمل انتخابی منشور میں عام آدمی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے قابل عمل وعدے عوام سے کئے گئے ہیں۔عام آدمی پارٹی تلنگانہ کے منشور میں عوام کو اختیارات کے مرکزی نظریہ کے علاوہ خواتین کے تحفظ، صحت عامہ،صاف پینے کا پانی ،تہذیب و تمدن کے تحفظ کے اقدامات ،اردو زبان کوریاست گیر سطح پر سرکاری زبان کا موقف ،تعلیم ،صنعت،معاشرتی اقدار کا فروغ، برقی بحران کا خاتمہ ،زرعی پالیسی ،امکنہ کی تعمیر ، ٹرانسپورٹ و دیگر امور کو شامل رکھا گیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ میں تعمیر ہونے والی دوسری راہداری کومنسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے چونکہ اس راہداری کے سبب حیدرآباد کی تاریخی عمارتوں کو خطرہ لاحق ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے منشور میں بیگم پیٹ ایر پورٹ کو اندرون ملک پروازوں کیلئے کھولنے کا اعلان کیا ہے علاوہ ازیں سابقہ حکومتوں کے جی ایم آر نٹرنیشنل ایر پورٹ کے انتظامیہ سے کئے گئے معاہدوں کی از سر نو جانچ کرتے ہوئے جائزہ لیا جائے گا ۔ تلنگانہ عام آدمی پارٹی نے تحریک تلنگانہ کے دوران درج کردہ مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہدائے تلنگانہ کے افراد خاندان کو ملازمتیں فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔ پروفیسر وشویشور کے علاوہ دیگر قائدین نے بتایا کہ عوامی نظام کو بہتر بنانے کیلئے تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے اور اس کے لئے بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں سے پاک معاشرہ تشکیل دینا ہوگا۔