نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس او رعام آدمی پارٹی کے درمیان اتحاد کا اعلان بہت جلد ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کانگریس صرف دہلی او رہریانہ میں ہی اتحاد تسلیم کررہی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی پنجاب میں بھی اتحاد کو پسند کررہی ہے لیکن کانگریس کی جانب سے پنجاب میں لال جھنڈی دکھا ئی جارہی ہے ۔علاوہ ازیں جتنی نشستیں کانگریس ہریانہ میں عاپ کو دے گی اتنے ہی سیٹیں دہلی میں عاپ کانگریس کو دے گی ۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کانگریس کے دہلی انچارج پی سی چاکو عاپ وزراء کی کانگریس قومی صدر راہل گاندھی سے ملاقات کروائیں گے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق صرف راہل گاندھی ہی اس کا فیصلہ لے سکتے ہیں ۔ پچھلے ایک ماہ سے عام آدمی پارٹی کانگریس پر اتحاد کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے مگر کانگریس کی جانب سے ہر مرتبہ انکار کیاگیا ۔ شیلا ڈکشٹ نے بھی عاپ سے اتحاد کو صاف طور پر مسترد کردیا ۔۔