ممبئی۔/2جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) عامر خاں کی فلم ’ پی کے ‘ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود پروڈیوسرس نے آج یہ انکشاف کیا ہے کہ اس فلم نے’ دھوم 3‘ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور 19ڈسمبر کو فلم ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک 278.52 کروڑ کا کاروبار کیا ہے جو کہ بالی ووڈ کا سب سے بڑا کلکشن ہے۔ اس فلم پر دائیں بازو کی تنظیموں کو شدید اعتراض ہے جن کا کہنا ہے کہ ڈائرکٹر راجکمار ہیرانی نے فلم میں ہندو مذہب کا مذاق اُڑایا ہے لیکن فلمسازوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔ مسٹر ہیرانی کا یہ دعویٰ ہے کہ جس نے بھی فلم دیکھی ہے اس نے ستائش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں خواب میں بھی سوچ نہیں سکتا تھا کہ یہ فلم اس قدر مقبولیت اور ریکارڈ کلکشن کرے گی
اور فلم کی کامیابی نے ہمارے حوصلوں کو بلند کیا ہے اور ہم اپنے ایقانات کے مطابق فلمیں بناتے رہیں گے۔ قبل ازیں عامر خاں اور راجکمارہیرانی نے ایک مشترکہ فلم ’ تھری ایڈیٹس‘ پیش کی تھی جوکہ 202 کروڑ کا بزنس کی تھی اور عامر خان کی ایک اور فلم ’ دھوم 3‘ نے 271.82کروڑ، سلمان خان کی فلم ’ کِک‘(244کروڑ)، شاہ رخ خان کی فلم ’ چینائی اکسپریس‘ (22.81 کروڑ ) کا کاروبار کیا تھا۔ جبکہ فلم ’ پی کے ‘ نے بیرونی ممالک میں 12.4 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔ دریں اثناء جئے پور میں دائیں بازو کی تنظیموں نے فلم ’ پی کے‘ کے ہدایت کار و فلمساز اور اداکار کے خلاف ایک کیس درج کروایا جس میں مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور مختلف فرقوں میں عداوت پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔تاہم بجاج نگر پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں کسی کا نام نہیں لیا گیا۔