عامر خاں کی حب الوطنی پر شک کرنے والوں پر تنقید

میں بھی خود کو غیرمحفوظ تصور کررہا ہوں ، ایس جئے پال ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی نے کہا کہ ملک کے تازہ حالات میں وہ بھی غیرمحفوظ تصور کررہے ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ اسٹار عامر خاں کے موقف کی تائید کرتے ہوئے اُن کی حب الوطنی پر شک کرنے والوں پر تنقید کی ہے۔ فلم اسٹار نے ملک میں پائی جانے والی عدم رواداری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی شریک حیات کے احساسات کا اظہار کیا جو متنازعہ بن گیا۔ بی جے پی ،آر ایس ایس کے علاوہ فلم انڈسٹری کی شخصیتوں نے جہاں ان پر تنقید کی، وہیں کانگریس کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین نے ان کے بیان کی مدافعت بھی کی ہے۔ تائید کرنے والوں کی فہرست میں کانگریس کے سینئر قائد و سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی بھی شامل ہوگئے ہیں اور انہوں نے عامر خاں کے ردعمل کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی ہے۔ ملک کے دوسرے اہم قائدین اور شخصیات جو بات کررہی ہیں، فلم اسٹار نے بھی وہی بات کہی ہے لیکن عامر خاں کے خلاف واویلا مچایا جارہا ہے۔ انہوں نے عدم رواداری پر اپنے احساسات سے عامر خاں کو واقف کرانے پر ان کی شریک حیات کرن راؤ کی بھی ستائش کی ہے اور کہا کہ موجودہ حالات میں اس طرح کے احساسات واجبی ہیں۔ کرن راؤ نے سچ کہنے میں جو دلیری کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ناقابل فراموش ہے۔ کرن راؤ میں جو ڈر و خوف ہے،وہ ملک کے کئی افراد بھی محسوس کررہے ہیں اور  وہ بھی اپنے آپ کو ’’غیرمحفوظ‘‘ تصور کررہے ہیں۔ عامر خاں کی حب الوطنی پر شک و شبہات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کئی فلموں میں اپنے کردار کے ذریعہ ملک سے اپنی محبت اور حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے۔ گزشتہ چند ماہ سے وہ اپنے آپ کو غیرمحفوظ تصور کررہے ہیں۔