ہردوائی ( یو پی ) ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : محکمہ مال کے عہدیداروں نے زرعی اراضی پر لگان ادا کرنے کی ہدایت دی تو فلم اداکار عامر خاں نے اپنے پرکھوں کی زمین کا لگان اداکردیا ۔ ان کے آبائی موضع اختیار پور میں محکمہ مال کی جانب سے زرعی اراضی کا لگان وصول کیا جاتا ہے لہذا حکام نے عامر خاں کو بھی یہ لگان دینے کی نوٹس دی تھی ۔ فلم لگان میں انگریزوں سے لگان ادا نہ کرنے کے لیے لڑنے والے عامر خاں نے اپنی پرکھوں کی زمین کا لگان ادا کردیا ہے ۔ مقامی نظم و نسق نے عامر خاں کو ہدایت دی تھی کہ وہ زرعی اراضی کے لیے 817.95 روپئے کا لگان ادا کریں تو انہوں نے یہ رقم ادا کردی ۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ اشوک شکلا نے کہا کہ اختیار پور میں عامر خاں اور ان کے ارکان خاندان کی آبائی جائیداد ہے۔ عامر خان نے اپنی فلم لگان میں انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے کسانوں سے لگان کی وصولی کو معاف کروایا تھا۔