ممبئی۔ 24 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سوپر اسٹار عامر خان کے عدم تحمل پر تبصرہ سے ہلچل پیدا ہوگئی ہے جبکہ فلمی شخصیتوں انوپم کھیر اور رام گوپال ورما نے اپنے ٹوئٹر پر ان سے دریافت کیا کہ ہمہ تہذیب و تمدن کا ہندوستان ان کیلئے کب متعصب ہندوستان میں تبدیل ہوگیا ہے ۔قومی دارالحکومت میں کل شام ایک ایوارڈ تقریب کے دوران 50 سالہ فلمی پی کے اداکار نے کہا تھا کہ حالیہ بعض واقعات پر تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ان کی اہلیہ کرن راؤ نے بھی ملک چھوڑدینے ( ترک وطن ) کا مشورہ دیاہے ۔ انوپم کھیر جنھوں نے مقبول عام فلموں دل اور دل ہے کہ مانتا نہیں میں عامر خان کے ساتھ اداکاری کی ہے کہا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں ہندوستان کی بدولت ہیں۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر عامر خان سے سوال کیا کہ آیا تم نے اپنی اہلیہ کرن راؤ سے کبھی پوچھا کہ وہ کس ملک کو جانا پسند کریں گی ۔ انھیں بتایا کہ اس ملک نے تمہیں عامر خان بنایا ہے ۔ کیا تم نے کرن راؤ سے پوچھا کہ ملک کے ابتر حالات میں بھی یہاں تھیں لیکن باہر چلے جانے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا ۔فلمساز رام گوپال ورما جنھوں نے عامر خان کو رنگیلا جیسی کامیاب فلم دی تھی ، نے کہاکہ بعض ممتاز شخصیتیں عدم تحمل پر بیجا تبصرہ کررہے ہیں ۔