عالیشان شادیوں کے نام پر حصول قرض اور سود کی لعنت سے چھٹکارا ضروری

حیدرآباد 25 فروری (پریس نوٹ) شادیوں میں ایک کھانا ایک میٹھا کی مہم کا افتتاحی اجلاس عام یکم مارچ بروز اتوار مسجد حسینی وجئے نگر کالونی روبرو ملے پلی آئی ٹی آئی گلڈ صبح 10.30 بجے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی زیرسرپرستی اور جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کی نگرانی میں منعقد ہوگا۔ شادیوں میں بے جا اسراف، لہوو لعب، غیر واجبی رسومات، جوڑے گھوڑے، ناچ گانا، ولیموں میں آرکسٹرا پارٹیاں سب غیر اسلامی ہی نہیں اللہ کی ناراضگی کا باعث ہیں۔ تحریک مسلم شبان کی شادیوں میں ایک کھانا ایک میٹھا کی آرگنائزنگ کمیٹی کے بیان کے بموجب ملت اسلامیہ اسراف کی ان شادیوں کی وجہ سے چند کو چھوڑ کر بھاری قرضوں، سود کی لعنت میں ملوث ہورہی ہیں جس کی وجہ سے مسلمانوں کی کمزور معیشت مزید بربادی کا شکار ہورہی ہے۔ شادیوں میں ایک کھانا ایک میٹھا کی مہم کو شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ اضلاع میں بھی اس کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ یاقوت پورہ ، ملے پلی، ٹولی چوکی، دارالشفاء کالی قبر، پرانی حویلی، ایرہ گڈہ، ملک پیٹ، چارمینار، مغلپورہ، سلطان نگر، جھرہ، مشیرآباد کے نوجوانوں نے آکر اس مہم کو کامیاب کرنے کا عہد کیا۔ علمائے کرام ، مشائخین عظام، ملت کا دانشور طبقہ بھی اس مہم کو وقت کی ضرورت قرار دیئے ہیں۔ مساجد کی کمیٹیوں نے جمعہ کو اس پر خطبہ سے اتفاق کیا ہے۔

ایک کھانا ایک میٹھا کمیٹی کے بموجب شہر حیدرآباد کی تاحال 250 مساجد سے راست ربط پیدا کیا گیا ہے اور سبھی نے اس مہم کیلئے تعاون اور جمعہ کو اپنی مساجد میں خطبہ سے اتفاق کیا ہے۔ جناب پرویز حیدر معتمد شبان، جناب ایم غفار نائب صدر، جناب دستگیر و جناب معین نے بتایا کہ اجلاس عام کی تیاریاں جاری ہیں۔ علمائے کرام و معززین سے مختلف تجاویز بھی اس مہم کے سلسلہ میں وصول ہورہی ہیں۔ اتوار کو صبح 10.30 بجے مسجد حسینی وجئے نگر کالونی روبرو ملے پلی آئی ٹی آئی گلڈ پر افتتاحی اجلاس منعقد ہوگا۔ تحریک مسلم شبان کے کارکن ہینڈ بلس نماز جمعہ سے قبل اپیل کیلئے سرگرم ہیں۔ راست دعوت نامے پہنچائے جارہے ہیں۔ افتتاحی اجلاس کی تیاری کمیٹی نے عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ اس میں بھرپور تعاون کریں اور اتوار کو مسجد حسینی کے اجلاس عام میں کثیر تعداد میں شرکت کریں۔ یہ مہم اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک مقصد حاصل نہیں ہوگا۔ محمد مشتاق ملک نے یہ بات بتائی۔