عالم کی عمر

کسی نے ایک بڑے تاریخ داں سے پوچھا : آپ کی عمر کتنی ہوگی ؟تاریخ داں نے کہا: یہی کوئی سات آٹھ ہزار سال کی۔ اس نے کہا: صورت سے تو آپ چالیس برس کے معلوم ہوتے ہیں۔ تاریخ داں نے جواب دیا : آپ کا خیال بالکل صحیح ہے کہ مجھے اس دنیا میں آئے ہوئے چالیس سال ہی گزرے ہیں لیکن علم نے میری عمر کو اتنا بڑھادیا ہے کہ آج سے سات آٹھ ہزار برس پہلے کی باتیں مجھے ایسی معلوم ہوتی ہیں گویا میرے سامنے ہورہی ہیں۔ بادشاہوں کے شاہی دربارجنہیں معمولی آدمی دیکھ نہیں سکتے تھے اور ایسی سخت لڑائیاں جن سے بہادروں کے اوسان خطا ہوجاتے تھے کتاب کھولتے ہی میرے سامنے آجاتی ہیں۔ میں ہرزمانے کے مشہور آدمیوں کے ناموں اور ان کے بھلے کارناموں سے واقف ہوں، ہرزمانے کے عالموں اور ملک ملک کے بادشاہوں کو جانتا ہوں۔ ملک، ریگستان،دریا،بستیاں اور ویرانے میرے دیکھتے دیکھتے کچھ سے کچھ ہوگئے۔ علم حاصل کروگے تو ایسی ہی عمر پالوگے۔