نئی دہلی۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں21 جون کو ’’یوم یوگا‘‘ منایا جائے گا ۔ اس موقع پر نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی شرکت کریں گے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا وہ خود اس موقع پر یوگا میں حصہ لیں گے ۔ اس دوران آیوش کے وزیر شری پدنائیک نے کہا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ وہ (مودی) اس دن یوگا کریں گے‘‘ ۔ شری پد نائیک سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر مودی بھی یوگا کریں گے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے گزشتہ سال ڈسمبر میں ہندوستان کی زیرقیادت ایک قرارداد کو منظور کرتے ہوئے 21 جون کو یوم یوگا کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
پانچ ماؤنوازوں کی عدالتی تحویل میں 2 جولائی تک توسیع
کوئمبتور ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک ڈسٹرکٹ کورٹ نے آج یہاں پانچ ماؤسٹوں بشمول برتر رتبہ والے روپیش اور اس کی بیوی شائنا کی تحویل میں 2 جولائی تک توسیع دے دی۔ پولیس نے کہا کہ فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج آر سکھتیول نے جن کے روبرو اس جوڑے کے ساتھ یہاں سنٹرل جیل میں قید ان کے تین معاونین کو پیش کیا گیا، انھیں 2 جولائی تک عدالتی تحویل کی مدت میں بھیج دیا۔