عالمی یوم خواتین کے ضمن میں سہ روزہ جشن

حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : نوبل سوشیل سرویس سوسائٹی ، چادر گھاٹ ، اور پٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی ، پبلک گارڈن نامپلی کے اشتراک سے 14 تا 16 مارچ تک عالمی یوم خواتین کے موقع پر سہ روزہ ’ جشن خواتین ‘ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ جشن کے پہلے روز 14 مارچ کو پٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی آڈیٹوریم ایک بجے دن تا پانچ بجے شام تک سمینار بعنوان ’ قوم کی تعمیر میں خواتین کا کردار ‘ میں منعقد ہوگا ۔ سمینار میں مختلف عنوانات کے تحت مقالے پڑھے جائیں گے ۔ جن میں خواتین اور تعلیم ، خواتین اور ٹکنالوجی ، خواتین اور سیاست ، خواتین اور ترقی ، خواتین اور ادب ، خواتین اور قانون ، خواتین کے خلاف تشدد ، خواتین اور میڈیا ، مسلم پرسنل لا اور خواتین ، خواتین کی صحت ، خواتین اور انتظامیہ اور تہذیب و ثقافت میں خواتین کا حصہ قابل ذکر ہیں ۔ اس سمینار کے ذریعہ سماج کے مختلف شعبہ جات میں خواتین کی خدمات کو منظر عام پر لایا جائے گا ۔ سماج میں خواتین کی حیثیت ان کی سماج کے تئیں خدمات اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی جائے گی اور مستقبل کے چیالنجوں سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل بھی تجویز کیا جائے گا ۔ پدم شری جیلانی بانو سمینار کی صدارت کریں گی ۔ ڈاکٹر شاہدہ صدر شعبہ خواتین ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کلیدی خطبہ دیں گی ۔ ڈاکٹر غوث حیدر اسسٹنٹ ڈائرکٹر اگریکلچر اور مشہور کروکے سنگر اور مس نینا جیسوال ، بین الاقوامی ٹیبل ٹینس کھلاڑی مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔ محترمہ ممتاز فاطمہ استقبالیہ کلمات پیش کریں گی ۔ جشن کے دوسرے دن 15 مارچ کو شام 6 بجے پرکاشم ہال گاندھی بھون میں محفل غزل ہوگی ۔ مشہور غزل گلوکار محترمہ دیوی رمنا مورتی اپنے فن کا مظاہرہ پیش کریں گی ۔ نابینا فنکار سواتی ، سنتوشی ، ناگامنی گیت پیش کریں گے ۔ ڈاکٹر غوث حیدر اسسٹنٹ ڈائرکٹر اگریکلچر اور کروکے سنگر بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ جو نابینا اور جسمانی معذور فنکاروں کی ہمت افزائی کرتے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی ، جناب خلیق الرحمن ، کانگریسی قائد اور جناب جمال قادری صدر اردو اکیڈیمی جدہ مہمان اعزازی ہوں گے ۔ محفل غزل کے لیے ڈونر پاسس اطیب پرنٹر جمال مارکٹ چھتہ بازار اور نوبل سوشیل سرویس سوسائٹی سے حاصل کریں ۔ محترمہ تسنیم جوہر نظامت کے فرائض انجام دیں گی ۔ مزید تفصیلات کے لیے محترمہ ممتاز فاطمہ ڈائرکٹر نوبل سوشیل سرویس سوسائٹی سے ، 9030524059 اور محترمہ تسنیم جوہر کوآرڈینٹر جشن خواتین سے 9440954495 پر ربط کریں ۔۔