لندن ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں دو ہفتوں بعد غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ گذشتہ تین دہوں کے دوران سال 2013ء اس قیمتی دھات کیلئے کافی منفی رہا کیونکہ اس کی قیمت میں مسلسل کمی ہورہی تھی لیکن سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث اب یہ رجحان تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔ سونے کی قیمت میں آج 1.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 1,219.51 سے بڑھ کر 1,229.95 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ چاندی کی قیمت میں بھی 2.8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 19.95 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ بین الاقوامی رجحان کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جارہا ہیکہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آئندہ دنوں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
شام کا خونریز ترین سال 2013ء
جوہانسبرگ2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام کی بے رحمانہ خانہ جنگی کے دوران 2013 ء خونریز ترین سال ثابت ہوا ہے۔ ایک غیر سرکاری تنظیم کے ادعا کے بموجب اِس سال73ہزار سے زیادہ افراد ہلاک کردیئے گئے۔شامی رسد گاہ برائے انسانی حقوق نے کہاکہ بین الاقوامی برادری شام میں عوام کے قتل عام میںملوث ہے کیونکہ وہ شام کی خونریز خانہ جنگی کو روکنے کے لئے سنجیدگی سے کوئی اقدام کرنے سے قاصر رہی۔ برطانیہ میں قائم گروپ نے کہاکہ اُس نے 73,455 افراد کی ہلاکت کا دستاویزی ثبوت حاصل کیا ہے جو جنوری 2013 ء سے 31 ڈسمبر 2013 ء کے درمیان ہلاک کئے گئے۔ اِن میں 22 ہزار 426 بے قصور شہری ہیں۔ پوری خانہ جنگی میں ہلاکتوں کی تازہ ترین تعداد مارچ 2013 ء میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ تھی۔