حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس) : عالمی مئیرس کانفرنس 6 تا 10 اکٹوبر حیدرآباد انٹرنیشنل کانفرنس سنٹر میں منعقد ہوگی ۔ توقع ہے کہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی اس پانچ روزہ کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی 9 یا 10 اکٹوبر کو اختتامی اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر کے 468 شہروں کے مئیران اور 1,658 مندوبین شرکت کریں گے ۔ تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیو شرما نے کہا ہے کہ اس پروگرام کے عالمی معیارات کے مطابق انعقاد کے لیے 15 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں ۔ بحرین ، ڈھاکہ ، جنیوا ، مانٹریال ، تہران اور دیگر کئی شہروں کے مندوبین کانفرنس میں شرکت کے لیے پہونچے ہیں ۔ اس کانفرنس میں شہری مسائل ، مالیاتی ترقی ، روزگار ، سلم بستیوں کے مسائل ، امکنہ ، بنیادی بلدی سہولتوں ، ٹریفک کی آمد و رفت میں تنگی و رکاوٹ ، آلودگی اور بہتر حکمرانی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ چیف سکریٹری نے اس ضمن میں ایک موبائیل فون اپلیکیشن جاری کیا جو ویب سائٹ پر بھی دستیاب رہے گا ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار کے مطابق 125 میٹر طویل پٹی پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے اور 750 ملازمین پولیس تعینات کئے گئے ہیں ۔