ترجمہ قرآن کی تقسیم ، حفاظ و قراء بنانے کا عزم ، مولانا پیر شبیر نقشبندی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : خادم القرآن مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم کی رہنمائی میں جامعہ ازہر ( مصر ) کے قراء کرام الشیخ السید یوسف ہندوئی ، الشیخ محمد سمیر بلال کے علاوہ سینکڑوں کارکنان قرآنی مہم نے ماہ رمضان شریف میں جاریہ ایک ماہی مہم کے کامیاب اختتام پر بارگاہ خداوندی میں نماز شکرانہ ادا کرنے کے بعد مہمان قراء عظام کو قاہرہ کے لیے وداع کیا ۔ اس موقع پر مولانا پیر نقشبندی نے کہا کہ ہمیں اپنے مقدر پر ناز ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے کرم اور حضور محمد ﷺ کے صدقہ میں اپنے مقدس کلام کو گھر گھر پہنچانے کی نہ صرف سعادت عطا کی بلکہ حب نبویﷺ سے سرشار ہوتے ہوئے نئی نسل کو والدین کی عزت و احترام اور نوجوانوں کو جہیز جیسی لعنت سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے امت میں اصلاح معاشرہ کی جانب راغب کیا ۔ محرک قرآنی مہم نے خادم الحرمین و شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے مدینہ طیبہ میں طبع شدہ ترجمہ قرآن پاک کو بلا ہدیہ تقسیم کے لیے فراہمی کو اشاعت اسلام کی عظیم خدمت قرار دیا ۔ انہوں نے سعودی سفیر متعینہ ہند ڈاکٹر سعود ال سیطی کی بھی ستائش کی جنہوں نے باغ مدینہ منورہ کے کچھ کھجور ہندوستان کے یتیموں اور مساکین میں تقسیم کیے ۔ مولانا پیر نقشبندی نے ان تمام بندگان الہیٰ کے لیے پر خلوص دعاؤں کا اظہار کیا جنہوں نے اس مقدس دعوت دین کی قرآنی مہم میں حصہ لیا ۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ جس سے جو کام لینا چاہتا ہے منتخب فرماتا ہے اور ہمیں اپنے رب کا ہر پل شکر ادا کرنا چاہئے ۔۔