دعوت دین، اتحاد اُمت، حافظ و قاری قرآن بنانا اہم مقاصد، مولانا پیر شبیر نقشبندی
حیدرآباد 28 جون (راست) خادم القرآن مولانا پیر شبیر نقشبندی افتخاری محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم نے آج یہاں اللہ کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ اس سال قرآنی مہم 25 ویں سلور جوبلی کا اہتمام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم رمضان تا یکم شوال ملک گیر سطح پر چلائی جانے والی اس مہم کے اہم مقاصد غیر مسلم بھائیوں کو دعوت دین دنیا اسلام کے مختلف فرقوں میں اتحاد، امت واحدہ کے جذبہ کو مضبوط و مستحکم بنانا، مسلکی اختلاف پر اجتناب کی راہ اختیار کرنا اور ملت اسلامیہ کی نئی نسل کو حافظ و قاری قرآن بنانے کی تلقین کرنا ہے ۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی نے یہ انکشاف کیا کہ عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ ازہر شریف قاہرہ (مصر) کے دو ممتاز قراء اکرام شیخ السید یوسف ھناوی ،شیخ محمد سمیر رازق بلال اپنے مخصوص لحن میں اس مہم کے دوران آیات قرآنی کی تلاوت کی سعادت حاصل کریں گے ۔ چنانچہ اس خصوص میں وزارت خارجہ حکومت ہند نے ہندوستانی سفارت خانہ مصر کو ان مہمان قراء کو ویزا کی اجرائی کے احکام جاری کئے ۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی نے کہا کہ گذشتہ 24 سالوں کے طویل عرصہ میں اللہ کا کلام اللہ کے بندوں کو پہنچاتے ہوئے اللہ کی طرف رجوع کرنے کی کوشش جاری ہے انہوں نے کہا کہ اس مہم کے میں خادم الحرمین و شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی سعودی عرب کی جانب سے کچھ فراہم کردہ ترجمہ قرآن کے علاوہ ہندوستانی مختلف مقامی زبانوں کے ترجمہ ضرورت مندوں کو بلا ہدیہ تقسیم کئے جاتے ہیں جو قرآنی مہم کا اپنا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ سرکار مدینہ محمد عربی ﷺ کے واسطے، سے اللہ تعالی کا کرم ہے کہ وہ اپنے بندوں کو قرآن پاک کی خدمت کیلئے مامور فرماتا ہے۔