مصر ، انڈونیشیا، سوڈان ، ترکی کے قراء مدعو ،مولانا پیر شبیر نقشبندی کا بیان
حیدرآباد /23 مئی ( پریس نوٹ ) خادم القرآن مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم نے آج اتحاد بھون بنجارہ ہلز میں قرآن کے شیدائیوں کے درمیان اس بات کا اعلان کیا کہ 28 ویں قرآنی و روحانی مہم ہندوستان میں مختلف علاقوں میں عظیم الشان پیمانہ کے ساتھ چلائی جائے گی ۔ اس سال جامعہ ازہر شریف قاہرہ مصر کے قراء اکرام کے علاوہ ترکی ، سوڈان اور انڈونیشیا کے ممتاز قراء کو مدعو کیا گیا ہے ۔ مہمان قراء کا 29 مئی کو حیدرآباد میں آمد پر ہوگی ۔ 6 بجے شام دفتر روزنامہ سیاست عابڈس پر اپنے مخصوص لحن میں آیات قرآنی کی تلاوت کریں گے جبکہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست خیرمقدم کریں گے ۔ مہمان قراء 10 بجے شب مسجد غوثیہ ڈیفنس کالونی لنگر حوض میں ڈاکٹر مصطفی شریف کے جلسہ سماعت القرآن میں شرکت کریں گے ۔ 30 مئی کو توقع ہے کہ مہمان قراء گورنر تلنگانہ جناب ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں اور جناب کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر سے پرگتی بھون میں خیر سگالی ملاقات کریں گے اور ترجمہ قرآن پیش کیا جائے گا ۔ 6 بجے شام ڈاکٹر سید مرتضی نقشبندی کی دعوت افطار میں شرکت کے بعد 7.30 بجے شب مسجد محمدی فرقہ بواہیر لال ٹیکری میں آیات قرآنی کی تلاوت کریں گے جبکہ مولانا عامل ( نمائندہ ) سیدنا صاحب خیرمقدم کریں گے ۔ مہمان قراء 31 مئی کی صبح بعد نماز فجر بذریعہ طیارہ محترمہ محبوبہ مفتی چیف منسٹر جموں و کشمیر کی دعوت پر سرینگر پرواز کریں گے جہاں 4.30 بجے شام خانقاہ مولی میں نماز عصر ادا کریں گے اور تلاوت کی سعادت حاصل کریں گے ۔ بعد ازاں محترمہ محبوب مفتی کی سرکاری قیام گاہ پر دعوت افطار میں شرکت اور گورنر جناب این این دورا سے راج بھون میں خیر سگالی ملاقات کریں گے اور روحانی تبرکات پیش کئے جائیں گے ۔ مہمان قرائت ہندوستان میں اپنے میزبان مولانا پیر نقشبندی کی قیادت میں درگاہ محبوب علم شریف بندی پورہ میں نماز جمعہ ادا کریں گے ۔ مولانا پیر نقشبندی کی قرات سے نسبت اور صاحب قرات سے محبت کے زیر عنوان خظاب کے بعد قرات کرام کی تلاوت ہوگی ۔ 2 جون کو نئی دہلی واپسی کے بعد سعودی سفیر ڈاکٹر سعود الساطی اور مصر کے سفیر ایکسلنسی حاتم کو قرآنی مہم کی سرگرمیوں سے واقف کرایا جائے گا ۔ ڈاکٹر سید فاروق مہمان قرات کے اعزاز میں دعوت افطار کا اہتمام کریں گے ۔ 3 جون کو 6 بجے شام انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کی جانب سے سنٹر کے آڈیٹوریم لودھی روڈ نئی دہلی میں جلسہ سماعت القرآن کا اہتمام ہوگا جبکہ جناب سراج قریشی صدر اسلامک سنٹر کا خیرمقدمی خطاب ہوگا ۔ 4 جون کو توقع ہے کہ مہمان قراء راشٹرپتی بھون میں جناب رام ناتھ کووند صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات کریں گے ۔ ’’ چشت بھون ‘‘ درگاہ حضرت شاہ عبدالسلام کیناٹ پیالیس نئی دہلی میں دعوت افطار میں شرکت کریں گے اور تلاوت قرآن ہوگی ۔ رات 10 بجے جامع مسجد اندر لوک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے جلسہ سماعت القرآن میں حصہ لیں گے ۔ 5 جون کو حیدرآباد میں آمد کے بعد نماز ظہر مسجد حرمین عقب اتحاد بھون بنجارہ ہلز پر آیات قرآنی کی تلاوت کریں گے ۔ 10 بجے شب درگاہ حضرت شجاع الدین قبلہ عیدی بازار میں مولانا سید شاہ عبیداللہ قادری ، آصف پاشاہ سجادہ نشین کی زیر نگرانی منعقد شدنی جلسہ میں فن قرات کا مظاہرہ کریں گے ۔ 6 جون کو مہمان قراء گلبرگہ میں محترمہ کنیز فاطمہ ایم ایل اے کے جلسہ سماعت القرآن میں شرکت کریں گے جبکہ مولانا پیر نقشبندی کا خطاب ہوگا ۔ 7 جون کو حیدرآباد میں 10 بجے شب انجمن شادی خانہ مشیرآباد میں جناب اخلاق حسین کے جلسہ سماعت قرآن میں شرکت کریں گے ۔ 8 جون جمعتہ الوداع کے موقع پر 11 بجے دن تا 12.30 بجے دن اندرونی منبر سے آیات قرآنی کی تلاوت کریں گے اور مولانا پیر نقشبندی کا تعارفی خطاب ہوگا ۔ جناب مجید اطہر خضر کالونی کی دعوت افطار میں شرکت کے بعد رات 10 بجے مولانا قاری سید متین علی شاہ چیف کوآرڈنیٹر عالمی قرآنی مہم کے سالانہ جلسہ سماعت القرآن قلعہ گولکنڈہ و میدان میں شرکت کریں گے ۔