عالمی طاقتیں نائجیریائی طالبات کی تلاش میں شامل

کانو (نائجیریا) ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی طاقتیں بشمول امریکہ اور چین 200 سے زیادہ بوکوحرام کے اسلام پسند کارکنوں کے ہاتھوں اغواء شدہ اسکولی طالبات کی تلاش میں شامل ہوگئی ہیں۔ عالمی سطح پر کمسن لڑکیوں کے اغواء پر برہمی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نائجیریا کو خصوصی ٹیمیں روانہ کررہے ہیں۔ چین نے سیٹلائیٹس اور سراغ رسانی محکمہ سے حاصل ہونے

والی مفید اطلاعات فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے۔ پولیس نے کل لڑکیوں کو بچانے میں مدد دینے والی کسی بھی اطلاع کی فراہمی پر 3 لاکھ امریکی ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ شورش پسندوںکا تازہ ترین حملہ صوبہ گمبوروگالا میں جو کیمرون کی سرحد سے متصل ہے، ہوا۔ بندوق برداروں نے کئی عمارتوں کو زمین دوز کردیا۔ شہریوں پر گولیاں چلائیں حالانکہ وہ فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ نائجیریا میں اغواء کی وارداتوں کی عالمگیر سطح سے تنقید کی جارہی ہے۔