عالمی شہرت یافتہ اسکالر ابوصالح شریف کا اردو یونیورسٹی میں تقرر

حیدرآباد، یکم ؍ فروری (پریس نوٹ) عالمی شہرت یافتہ ماہر معاشیات و اسکالر پروفیسر ابوصالح شریف نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں بحیثیت پروفیسر، مولانا ابوالکلام آزاد چیئر کا جائزہ حاصل کرلیا۔ پروفیسر ابو صالح شریف نے وزیر اعظم کی قائم کردہ سچر کمیٹی کے ایک رکن کی حیثیت سے مسلمانوں کی پسماندگی پر مبنی رپورٹ کو مرتب کرنے میں بڑا اہم رول نبھایا تھا۔ وائس چانسلر، مانو ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کے نام موسومہ ایک مکتوب میں پروفیسر ابو صالح شریف نے اردو یونیورسٹی میں کام کرنے کا موقع دیئے جانے پر شکریہ ادا کیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سچر کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ہی یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے ملک بھر کی چھ مختلف یونیورسٹیوں میں مولانا ابوالکلام آزاد چیئر کا آغاز کیا تھا۔ خود مولانا آزاد کے نام سے معنون مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں آزاد چیئر نے سال 2011-12 سے کام کرنا شروع کیا۔ اس چیئر کے قیام کا مقصد مولانا آزاد کی شخصیت اور ان کے مشن کو فروغ دینا ہے اور قومی تعمیر میں ان کی گرانقدر خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔ پروفیسر ابوصالح شریف نے حکومت کی مختلف اداروں اور کمیٹیوں میں اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ فی الحال وہ واشنگٹن ڈی سی میں چیف اسکالر کے طور پر یو ایس انڈیا پالیسی انسٹیٹیوٹ سے وابستہ ہیں۔