نیویارک ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) موبائیل میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے آج ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح پر ایپ کا استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ صرف گذشتہ پانچ ماہ کے دوران ہی 100 ملین یوزرس اس ایپ کا حصہ بن چکے ہیں۔ اپنے بلاگ پوسٹ میں واٹس اپ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج صورتحال یہ ہیکہ ایک بلین یوزرس واٹس ایپ کی فیملی میں شامل ہوچکے ہیں جس کا واضح مطلب یہ ہیکہ اس کرہ ارض پر ہر سات افراد میں سے ایک فرد واٹس ایپ فیملی کا حصہ ہے اور اس طرح وہ اپنے عزیزواقارب سے مسلسل ربط میں رہتے ہیں۔ فروری 2014ء میں واٹس ایپ کو سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک نے حاصل کرلیا تھا اور اس کیلئے 19 بلین امریکی ڈالرس ادا کئے گئے تھے جو اب تک کسی بھی ایپ کی قیمت سے بہت زیادہ ہے۔ اسی دوران واٹس ایپ کے معاون بانی چین کوم نے فیس بک پر اپنی پوسٹ کے ذریعہ بتایا کہ 42 بلین پیغامات 1.6 فوٹوز اور 250 ملین ویڈیوز کا ہر روز استعمال کرنے والے ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ کرتے ہیں۔ اسی طرح اس ایپ پر تقریباً ایک بلین گروپس بھی سرگرم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں واٹس ایپ کے ذریعہ تصاویر کا تبادلہ دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر فیس بک کے سربراہ مارک زوکر برگ نے جین کوم کو اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔