حیدرآباد۔4ڈسمبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے تلگو ورلڈ کانفرنس کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی اور لعل بہادر اسٹیڈیم پہنچ کر تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ پرگتی بھون میں کے سی آر نے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے 15 تا 19 ڈسمبر منعقد ہونے والی تلگو ورلڈ کانفرنس کا جائزہ لیا ۔ کانفرنس کو کامیاب بنانے اور اسکے انتظامات کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کی قیادت میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دی جس میں بحیثیت ارکان کے ٹی آر ‘ ٹی ناگیشور راؤ ‘ چندو لعل کو شامل کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ تلگو ورلڈ کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ لہذا کابینی سب کمیٹی ‘ ساہتیہ اکیڈیمی اوردوسرے اداروں سے تال میل سے انتظامات کی نگرانی کرے ۔ کانفرنس کو کامیاب بنانے ابھی تک کئی مشاورتی اجلاس ہوئے ہیں ۔ اجلاس کے اختتام کے بعد چیف منسٹر نے ایل بی اسٹیڈیم پہنچ کر تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ انتظامات اور تیاریوں میں پائی جانے والی تمام خامیوں کو دور کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والوں کو کوئی دشواری پیش نہ آئے اس کا مکمل خیال رکھنے کا بھی مشورہ دیا ۔